اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) غیرت کے نام پر خانیوال میں قتل کی لرزہ خیز واردات
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) غیرت کے نام پر خانیوال میں قتل کی لرزہ خیز واردات
والدہ سے ناجائز تعلقات کا الزام، نوجوان خنجروں کے وار سے موت کے گھاٹ اتار دیا
ڈی ایس پی صدر خالد جوئیہ نے فوراً کمان سنبھالی، ایک گھنٹے میں آپریشن مکمل کر کے ملزمان گرفتار
خانیوال کی مشتاق کالونی گزشتہ شب ایک لرزہ خیز اور خوفناک قتل کی واردات کا مرکز بنی۔ غیرت کے نام پر نوجوان نے دوست کے ساتھ مل کر شہری کو خنجروں کے وار کر کے ہلاک کر دیا۔ مقتول کی چیخ و پکار سے علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ پولیس نے صرف ایک گھنٹے کے اندر اندر بھرپور آپریشن مکمل کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق عبدالوھاب کو شبہ تھا کہ مقتول کامران کے اس کی والدہ (ذ) کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔ غیرت کی آگ میں اندھا ہو کر اس نے اپنے دوست رضوان کے ساتھ خونی منصوبہ بنایا۔ دونوں نے کامران کو گھر سے باہر بلوایا، سائیکل پر بٹھایا اور موقع پر پہنچتے ہی خنجروں کے بے تحاشا وار شروع کر دیئے۔
خون میں لت پت کامران جان بچانے کے لیے گلی کی طرف بھاگا مگر ظالم عبدالوھاب نے اس کا تعاقب کیا اور گلی میں دوبارہ اس پر خنجر کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتول کی چیخیں سن کر اہل علاقہ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے مگر کوئی بھی قاتل کے سامنے نہ آ سکا۔
اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر خالد جوئیہ نے فوراً کمان سنبھالی اور جائے واردات کا محاصرہ کر لیا۔ تھانہ کہنہ پولیس کے ہمراہ بھرپور ایکشن لیا گیا اور صرف ایک گھنٹے کے اندر اندر آپریشن مکمل کر کے عبدالوھاب اور اس کے ساتھی رضوان کو آلہ قتل خنجر سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
اہل علاقہ کے مطابق یہ قتل غیرت کے نام پر اندھی انتہا پسندی کی ایک اور مثال ہے جس نے ایک گھر اجاڑ دیا اور علاقے کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔ مشتاق کالونی کی گلیاں اب بھی اس لرزہ خیز واردات کی گواہی دے رہی ہیں۔ بروقت ایکشن لیکر ملزمان کو رنگے ھاتھوں گرفتار کرنے پر شہریوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراھا ھے

