ہری پور (ڈیجیٹل پوسٹ) گھمانواں میں چھریوں کے وار سے 75 سالہ معذور بزرگ قتل، ملزم ایک گھنٹے میں گرفتار
Share
ہری پور (ڈیجیٹل پوسٹ) ریحانہ روڈ پر واقع گاؤں گھمانواں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 75 سالہ معذور بزرگ کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، محلہ بہکاں سے تعلق رکھنے والے فضل بابا ولد شیر بہادر، جو مولانا قاری نزیر کے چچا تھے، کو مبینہ طور پر اسی علاقے کے رہائشی غلام حیدر ولد نیاز علی نے محلہ چمبیاں میں چھریوں کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا۔ واقعہ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ فضل بابا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق، مقتول ایک شادی کی تقریب سے گھر واپس آ رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے بیٹھے ملزم نے ان پر حملہ کر دیا۔ فضل بابا نہایت شریف النفس، ملنسار اور ہنس مکھ شخصیت کے مالک تھے۔ وہ ایک بازو سے معذور تھے اور مختلف محلوں سے انڈے خرید کر فروخت کر کے اپنی گزر بسر کرتے تھے۔
اطلاع ملنے پر تھانہ سرائے صالح پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہری پور ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کے احکامات پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے، ایس ایچ او تھانہ سرائے صالح قمر خان کی قیادت میں ایک گھنٹے کے اندر ملزم غلام حیدر کو گرفتار کر لیا اور آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ واقعہ اس بات کی ایک اور دردناک مثال ہے کہ معمولی تلخ کلامی بھی کس طرح ایک قیمتی انسانی جان کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے معاشرتی برداشت، صبر اور قانون کی سختی سے عملداری ناگزیر ہے،

