لاہور (ڈیجیٹل پوسٹ) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری محمد اکرم جوئیہ کو 17 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے
Share
لاہور (ڈیجیٹل پوسٹ) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری محمد اکرم جوئیہ کو 17 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ان کے خلاف مجموعی طور پر 50 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کے الزامات کے تحت تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کی ابتدائی انکوائری نمبر 53/2026 کے مطابق، ملزم نے بطور ایڈمنسٹریٹر لاہور اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈی ایچ اے فیز 6 میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے 200 پلاٹوں کی لیز کے عوض شہری عظیم حسین سے 17 کروڑ روپے کی غیر قانونی مراعات اور رشوت وصول کی، جس میں لاہور کینٹ کے طفیل روڈ پر واقع 13 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کا رہائشی مکان اور 75 لاکھ روپے مالیت کی کیا سپورٹیج (KIA Sportage) گاڑی شامل ہے۔ تفتیش میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ ملزم نے اس کالی کمائی کو چھپانے کے لیے سنٹرل پارک لاہور میں پلاٹوں کی جعلی سیل ڈیڈز اور دیگر بوگس دستاویزات تیار کیں، جبکہ ڈی سی ریٹ اور اصل قیمت میں کروڑوں روپے کا فرق ظاہر کر کے منی ٹریل کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹوں کے مطابق اکرم جوئیہ اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر عمر جاوید اعوان جیسے افسران پر اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضوں اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے سنگین الزامات ہیں، جن میں پاک عرب سوسائٹی اور ڈی ایچ اے سمیت دیگر ہاؤسنگ اسکیموں میں موجود جائیدادیں شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف کرپشن ایکٹ اور تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور انسپکٹر وقار حسین اعوان کی سربراہی میں مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ادارے میں موجود دیگر ملوث عناصر کا تعین کیا جا سکے۔

