LOADING

Type to search

Islamabad National

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) ٹریفک پولیس کی رمضان المبارک میں ون ویلنگ کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں شروع

Share

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) ٹریفک پولیس کی رمضان المبارک میں ون ویلنگ کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں شروع۔سی ٹی او اسلام آباد کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے شہر بھر میں خصوصی ناکہ جات قائم۔ون ویلنگ میں ملوث 17ملزمان گرفتار،مقدمات درج۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آبادسید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ماہِ رمضان المبارک کے دوران شاہراہوں پر ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد حمزہ ہمایوں نے اپنے بیان میں کہاکہ ماہِ رمضان ایک بابرکت اور مقدس مہینہ ہے جس میں تمام روزہ دار اپنے فرائضِ عبادت ادا کرنے میں مصروف ہوتے ہیں۔ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کچھ شرپسند عناصر خصوصاً افطار اور تراویح کے اوقات میں شاہراہوں اور ہائی ویز پر ون ویلنگ اور خطرناک اسٹنٹس کر کے نہ صرف اپنی جان بلکہ دوسروں کی جان کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں اور شہریوں کی عبادات میں خلل کا باعث بنتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ متعدد بار آگاہی مہم، تنبیہات اور قانونی کارروائی کے باوجود اگر ایسے عناصر باز نہیں آتے تو واضح ہے کہ وہ نصیحت سے ماننے والے نہیں۔ تاہم میں خصوصی طور پر ان کے والدین سے مخاطب ہوں کہ وہ اپنے بچوں کی مناسب تربیت اور نگرانی کریں۔ نوجوانوں کو اس قسم کی خطرناک سرگرمیوں کی اجازت دینا نہایت افسوسناک ہے، کیونکہ اس کا انجام نہایت سنگین ہو سکتا ہے۔سی ٹی او اسلام آباد نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی ناکہ جات قائم کر رہی ہے۔ اب تک 17 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے اور ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیونتھ ایونیو ، مین ایکسپریس وے، بہارہ کہو بائی پاس، ایران ایونیو یا شہر کا کوئی بھی علاقہ—جہاں بھی ون ویلنگ کی شکایات موصول ہوں گی، فوری کارروائی کی جائے گی اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ گرفتار افراد کو موٹر سائیکلیں واپس نہ کی جائیں، ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہو اور انہیں عید کے بعد تک حوالات یا جوڈیشل کسٹڈی میں رکھا جائے۔ مزید برآں، ان کے ڈرائیونگ لائسنس مستقل طور پر منسوخ کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔سی ٹی او اسلام آباد نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ رمضان المبارک کے دوران شہر میں ٹریفک حادثات کی شرح صفر رہے اور کوئی بھی جان لیوا حادثہ پیش نہ آئے۔ ون ویلنگ جیسے خطرناک رجحانات اس ہدف کو متاثر کر سکتے ہیں، اس لیے ان کے خلاف بلاامتیاز اور بھرپور کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے تمام والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی مناسب رہنمائی کریں اور انہیں اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے سے روکیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی گزارش کی کہ اگر کہیں ون ویلنگ یا خطرناک ڈرائیونگ نظر آئے تو فوری طور پر” ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915- “پر اطلاع دیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے معاون و مددگار بنیں تاکہ ہم مل کر اسلام آباد کی شاہراہوں کو محفوظ بنا سکیں

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »