اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ)(آئی پی ایس) اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی کی تقریب کے دوران گیس سلنڈر دھماکے کے افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق دھماکہ ایک شادی والے گھر میں ہوا جہاں مہمان بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں دلہا اور دلہن بھی جاں بحق افراد میں شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 4 گھر اس حادثے سے متاثر ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق گھروں سے مجموعی طور پر 15 افراد کو باہر نکالا گیا، جن میں سے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 10 زخمیوں کو فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کے بعد پمز ہسپتال کو الرٹ کر دیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
صاحبزادہ محمد یوسف نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ کے نائن یونٹ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملبے کی مزید چیکنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا تدارک کیا جا سکے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد واقعے کی حتمی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔

