اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) یوتھ پارلیمنٹ کا عوامی صحت کے تحفظ کے لیے پیک شدہ غذائی اشیاء پر فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے نفاذ کا مطالبہ ایف او پی ڈبلیو ایل کے نفاذ میں تیزی لانے اور، عوامی صحت کو تجارتی مفادات پر ترجیح دینے پر زور
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ)- 24 نومبر 2026 : پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) نے یوتھ پارلیمنٹ اسلام آباد کابینہ کے اشتراک سے اسلام آباد میں ایک آگاہی و وکالتی تقریب کا انعقاد کیا، جس کا مقصد الٹرا پروسیسڈ غذائی اشیاء اور مشروبات پر فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (FOPWLs) کے لازمی نفاذ کے لیے نوجوان پارلیمنٹیرینز کو متحرک کرنا تھا۔ شرکاء نے حکومتِ پاکستان پر زور دیا کہ وہ فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے نفاذ کے عمل کو تیز کرے تاکہ صارفین کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، صحت مند غذائی انتخاب کو فروغ دیا جا سکے اور ملک میں غیر متعدی بیماریوں (NCDs) کے بڑھتے ہوئے بوجھ پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پناہ کے صدر میجر جنرل (ر) مسعود الرحمٰن کیانی نے کہا کہ غیر متعدی بیماریوں کی روک تھام کے لیے مضبوط اور سائنسی شواہد پر مبنی عوامی صحت کی پالیسیوں کا نفاذ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز ایک مؤثر پالیسی اقدام ہیں، جن کے ذریعے صارفین غیر صحت بخش غذائی مصنوعات کی شناخت کر سکتے ہیں اور بہتر غذائی انتخاب کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی پالیسیاں عوام اور ان کی صحت کے بہترین مفاد میں بنائی جانی چاہئیں، نہ کہ کارپوریٹ سیکٹر کے تجارتی مفادات کو فائدہ پہنچانے کے لیے۔ آنے والی نسلوں کو غیر صحت مند غذائی ماحول سے محفوظ رکھنا قومی ترجیح ہونی چاہیے۔
صحت و غذائیت کے ماہر جناب منور حسین نے فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے تکنیکی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ خوراک کی پیکنگ کے سامنے واضح اور نمایاں وارننگ لیبلز کے ذریعے صارفین کو چینی، نمک، سیر شدہ چکنائی اور غیر شکر والے مٹھاس کے اجزاء کی زائد مقدار سے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں اس نظام کے مؤثر نفاذ کے لیے سائنسی شواہد پر مبنی نیوٹرینٹ پروفائل ماڈل اور بین الاقوامی بہترین طریقہ کار اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
پناہ کے جنرل سیکریٹری ثناء اللہ گھمن نے فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے عوامی صحت پر مثبت اثرات کو اجاگر کیا اور ان ممالک کی مثالیں پیش کیں جہاں لازمی فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز متعارف کروائے جا چکے ہیں، جس سے صارفین میں آگاہی اور صحت مند غذائی انتخاب کو فروغ ملا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں وزارتِ قومی صحت، ضوابط و رابطہ کاری کی جانب سے تیار کردہ سائنسی شواہد پر مبنی تجویز، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA) کو بھجوائی گئی تھی، تاہم دو سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود یہ معاملہ زیرِ غور ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ اس اہم عوامی صحت پالیسی کے نفاذ میں مزید تاخیر کیے بغیر فوری اقدامات کیے جائیں۔
یوتھ پارلیمنٹ اسلام آباد کابینہ کے صدر جناب عدنان بشیر نے مضبوط عوامی صحت پالیسیوں کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پارلیمنٹیرینز کا اہم کردار ہے کہ وہ ایسے قوانین اور پالیسیوں کے لیے آواز بلند کریں جو صارفین، خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کو غیر صحت بخش غذائی ماحول سے محفوظ رکھیں۔ انہوں نے پاکستان میں فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے لازمی نفاذ کے لیے یوتھ پارلیمنٹ کے بھرپور تعاون اور عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کے دستخطوں سے ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے لازمی نفاذ اور عمل درآمد کے عمل کو فوری طور پر تیز کیا جائے۔
پناہ اور یوتھ پارلیمنٹ اسلام آباد کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پالیسی سازوں، صحت کے ماہرین، سول سوسائٹی اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے لازمی نفاذ اور صحت مند غذائی ماحول کے فروغ کے لیے اپنی مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

