فتح جنگ (ڈیجیٹل پوسٹ) فتح جنگ تھانے میں ڈی پی او اٹک کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے، فوری احکامات جاری
Share
فتح جنگ (ڈیجیٹل پوسٹ) : ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق نے تھانہ فتح جنگ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں ڈی ایس پی فتح جنگ خان شبیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے انفرادی مسائل، شکایات اور پولیس سے متعلق امور براہِ راست ڈی پی او اٹک کے سامنے پیش کیے۔ ڈی پی او نے شہریوں کی شکایات توجہ سے سنیں اور ان کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ پولیس افسران کو موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اس موقع پر کیپٹن (ر) علی بن طارق کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو اپنی شکایات اور مسائل اعلیٰ پولیس افسران تک براہِ راست پہنچانے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ ان کے حل میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اٹک پولیس شہریوں کو بہتر پولیس خدمات کی فراہمی، ان کے جان و مال کے تحفظ اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے کوشاں ہے۔ شہریوں کے مسائل سننا اور ان کا قانون کے مطابق حل یقینی بنانا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔






