LOADING

Type to search

Islamabad National

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) پنجاب میں گندم کی پیداوار کے مقابلے میں سرسبز کھاد استعمال کرنے والے کسانوں نے صوبائی سطح پر تینوں جبکہ ضلعی سطح پر 120 میں سے 119 پوزیشنز حاصل کر لیں۔ مظفرگڑھ کے کسان سجاد حسین نے فی ایکڑ 69 من اور 39 کلوگرام گندم پیدا کرکے پہلی صوبائی پوزیشن اپنے نام کرلی۔ کامیاب کسانوں میں ٹریکٹرز، موٹر سائیکلیں اور ایل ای ڈی ٹی وی تقسیم کیے گئے

Share

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) پنجاب حکومت کے زیر اہتمام گندم پیداوار مقابلے 26-2025 میں سرسبز نائٹروفاس اور کیلشیم امونیم نائٹریٹ استعمال کرنے والے کسانوں نے صوبائی سطح پر پہلی تینوں جبکہ ضلعی سطح پر 120 میں سے 119 پوزیشنز حاصل کرلیں۔ مقابلے میں مظفرگڑھ کے سجاد حسین نے فی ایکڑ 69 من اور 39.4 کلوگرام گندم پیدا کرکے پہلی، اٹک کے شفیق احمد نے 69 من اور 39.1 کلوگرام پیداوار کے ساتھ دوسری، جبکہ رحیم یار خان کے محمد اصغر نے 69 من اور 24.1 کلوگرام فی ایکڑ پیداوار کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تقریب میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے آن لائن شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب افتخار علی ساہو، سیکریٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں اور صدر پاکستان کسان اتحاد خالد کھوکھر سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اپنے خطاب میں کامیاب کسانوں اور فاطمہ فرٹیلائزر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گندم کی پیداوار اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے اقدامات ملک کے غذائی تحفظ کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے گندم کے ایک ایک دانے کی خریداری یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب افتخار علی ساہو نے کہا کہ حکومت کسان دوست پالیسیوں اور بروقت زرعی اقدامات کے ذریعے کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسان کارڈ کے ذریعے 15 اکتوبر سے اب تک 10 لاکھ کسانوں کو 150 ارب روپے کے بلا سود قرضے فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار 500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔

فاطمہ فرٹیلائزر کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز رابیل سدوزئی نے کہا کہ گزشتہ سال بھی سرسبز کھاد استعمال کرنے والے کسانوں نے صوبائی سطح پر تینوں پوزیشنز اور ضلعی سطح پر 120 میں سے 97 پوزیشنز حاصل کی تھیں، جبکہ رواں سال ضلعی سطح پر یہ تعداد بڑھ کر 119 ہوگئی ہے۔

مقابلے میں صوبائی سطح پر کامیاب ہونے والے تینوں کسانوں کو ٹریکٹرز جبکہ ضلعی سطح پر پوزیشن حاصل کرنے والے کسانوں کو ہونڈا سی ڈی 70 موٹر سائیکلیں اور ایل ای ڈی ٹی وی انعام میں دیے گئے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »