اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی کارروائی — غیر قانونی گردے کی پیوندکاری کیس میں چھٹا ملزم گرفتار، عدالت سے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل
Share
*اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ): ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے مقدمہ نمبر 60/2026 میں غیر قانونی گردے کی پیوندکاری کے معاملے کی تحقیقات کے دوران اہم پیش رفت کرتے ہوئے چھٹے ملزم محمد صہیب کو گرفتار کر لیا ہے۔ عدالت نے ملزم کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق ملزم محمد صہیب، مالک عتیق فارمیسی، سید پور روڈ، حیدری چوک، راولپنڈی، مبینہ طور پر 2021 سے غیر قانونی گردے کی پیوندکاری میں ملوث گروہ کو رہائشی مقامات پر طبی کارروائیوں کے لیے ادویات اور سرجیکل آلات فراہم کرتا رہا۔ ملزم کو بخوبی علم تھا کہ گروہ کے افراد ڈاکٹر نہیں اور نہ ہی کسی طبی اہلیت کے حامل ہیں، اس کے باوجود وہ انہیں معاونت فراہم کرتا رہا۔
تفتیش کے دوران واٹس ایپ چیٹس، وائس نوٹس اور بینک رسیدیں ملزم کے مبینہ کردار سے متعلق اہم شواہد کے طور پر سامنے آئی ہیں۔
دریں اثنا، عدالت نے مقدمے میں پہلے سے گرفتار چار ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 2 روز کی توسیع بھی منظور کر لی ہے۔ ان ملزمان کا مجموعی طور پر اب تک 13 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہو چکا ہے۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی جانب سے مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ممکنہ ملوث افراد کے کردار کا تعین کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن اسلام آباد زون غیر قانونی سرگرمیوں اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے لیے پُرعزم ہے۔

