اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت صدر اور انڈسٹریل ایریا زون کے افسران کا اہم اجلاس
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت صدر اور انڈسٹریل ایریا زون کے افسران کا اہم اجلاس۔انسدادِ جرائم اور پولیس کارکردگی کا جائزہ۔موٹر سائیکل و گاڑی چوری میں ملوث گینگز کے خلاف مؤثر کارروائی، زیرِ تفتیش مقدمات کی جلد یکسوئی اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایات۔ بہترین کارکردگی پر افسران کو انعامات سے نوازا گیا۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت صدر زون اور انڈسٹریل ایریا زون کے افسران کے ساتھ انسدادِ جرائم اور پولیس کارکردگی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم، ایس ایس پی لاء اینڈ آرڈر اینڈ آرگنائزڈ کرائم یونٹ حسام بن اقبال، ایس ایس پی انویسٹی گیشن سلیمان ظفر، متعلقہ زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آئی جی اسلام آباد نے دونوں زونز میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، پولیس کی مجموعی کارکردگی اور زیرِ تفتیش مقدمات میں پیش رفت کا فرداً فرداً جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ موٹر سائیکل اور گاڑی چوری میں ملوث متحرک گینگز کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور چوری شدہ گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی برآمدگی یقینی بنائی جائے۔ زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ اور قانون کے مطابق جلد از جلد یکسو کیا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے، پولیس گشت کو مزید مؤثر بنایا جائے اور شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت یا ناقص کارکردگی کسی صورت قابلِ قبول نہیں، جبکہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔اس موقع پر بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ نمایاں کارکردگی کا اعتراف پولیس فورس کی حوصلہ افزائی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری کے لیے اہم ہے۔آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی، پیشہ ورانہ مہارت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں تاکہ شہریوں کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکیں



