اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) اسلام آباد کے لیے جدید فورس۔۔
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) پولیس کو وزیراعظم نے50 الیکٹرک گاڑیوں ( ای وی)کی چابیاں پیش کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہا ۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس نے وزیراعظم کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی کے لیے قائم کی گئی نئی فورس “کیپٹل پٹرول” کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نئی فورس وزیراعظم کے محفوظ، سمارٹ اور گرین کیپیٹل کے وژن کے تحت تشکیل دی گئی ہے۔ کیپٹل پٹرول فورس میں مجموعی طور پر 200 پولیس اہلکار شامل ہوں گے۔
کیپٹل پٹرول فورس کے ہر پٹرول یونٹ میں ایک مرد اور ایک خاتون پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ فورس میں موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار بھی شامل ہوں گے تاکہ مختلف علاقوں میں فوری رسپانس اور مؤثر گشت کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم کو مزید بتایا گیا کہ کیپٹل پٹرول فورس کے تمام اہلکاروں کو باڈی کیمروں سے لیس کیا جائے گا، جس سے پولیسنگ کے عمل میں شفافیت، نگرانی اور جوابدہی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کیپٹل پٹرول فورس کے لیے 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نئی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کی مد میں ماہانہ تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت ہوگی، جبکہ ایک گاڑی کی لاگت تقریباً ساڑھے دس ماہ میں ایندھن کی بچت سے پوری ہو جائے گی۔

