LOADING

Type to search

Karachi National

کراچی (ڈیجیٹل پوسٹ) منگھوپیر میں بجلی بحران: پیپلز پارٹی کی مبینہ دوہری پالیسی پر عوام میں شدید اشتعال

Share

کراچی (ڈیجیٹل پوسٹ) کراچی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے منگھوپیر اور دیگر علاقوں میں جاری بجلی کے بحران کے حل کے لیے برسراقتدار پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی، بلدیاتی نمائندوں اور مقامی عہدیداران کی مبینہ دوہری پالیسی کے باعث عوام میں بے چینی اور اشتعال پایا جاتا ہےممبر قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی اور رکن سندھ اسمبلی علی احمد جان کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے اعلیٰ سطحی وفد کی کے الیکٹرک حکام سے مذاکرات کے باوجود بجلی کے بحران کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل نہ ہوسکا۔ اطلاعات کے مطابق پیپلز پارٹی رہنماؤں نے کے الیکٹرک حکام سے مذاکرات سے قبل معززینِ علاقہ اور متاثرہ عوام کو اعتماد میں لیے بغیر معاملات طے کیے، جس کے نتیجے میں وقتی طور پر منگھوپیر، میانوالی کالونی اور دیگر متاثرہ علاقوں کے نادہندہ صارفین کو واجبات کی ادائیگی اور نئے بجلی کے میٹرز لگوانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہےذرائع کے مطابق مقررہ مدت میں واجبات کی ادائیگی اور نئے میٹرز کی تنصیب نہ ہونے کی صورت میں بجلی دوبارہ منقطع کردی جائے گی، تاہم پیپلز پارٹی کے عوامی نمائندوں، مقامی عہدیداران اور کے الیکٹرک حکام کی جانب سے واجبات کی ادائیگی اور نئے میٹرز کی تنصیب کے حوالے سے تاحال کوئی واضح حکمت عملی سامنے نہیں آسکی۔
سیاسی و سماجی حلقوں اور معززینِ علاقہ کا کہنا ہے کہ بجلی کے بحران کے مستقل حل کے لیے پیپلز پارٹی رہنماؤں اور کے الیکٹرک حکام کی جانب سے کوئی واضح روڈ میپ تیار نہیں کیا گیا۔ واجبات کی واپسی کس طرح ہوگی، صارفین کو ریلیف کیسے فراہم کیا جائے گا اور نئے میٹرز کی تنصیب کس طریقے سے ممکن ہوگی، اس حوالے سے متاثرہ علاقوں کے عوام تاحال بے خبر ہیں۔
سیاسی و سماجی حلقوں کے مطابق پیپلز پارٹی رہنماؤں اور کے الیکٹرک حکام کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں مسئلے کے حل کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے، جبکہ دوسری جانب پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ کی جانب سے 31 اگست، بروز پیر، صبح 10 بجے طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف کے الیکٹرک کے خلاف عبداللہ کالج کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی اس مبینہ دوہری پالیسی پر ڈسٹرکٹ ویسٹ، بالخصوص منگھوپیر، میانوالی کالونی اور ملحقہ متاثرہ علاقوں کے عوام میں سخت اشتعال پایا جاتا ہےسیاسی و سماجی حلقوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منگھوپیر، میانوالی کالونی اور دیگر متاثرہ علاقوں میں جاری بجلی کے بحران کے مستقل حل اور کے الیکٹرک انتظامیہ کی مبینہ زیادتیوں سے عوام کو نجات دلانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، بصورتِ دیگر اہلِ علاقہ پرامن احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »