LOADING

Type to search

Islamabad National

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) نظامِ انصاف میں عالمی شراکت داری کی جانب اہم قدم: آئی ایم اے سی اور او آئی سی-اے سی کے درمیان وزیر قانون کی موجودگی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

Share

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) نظامِ انصاف میں عالمی شراکت داری کی جانب اہم قدم: آئی ایم اے سی  اور او آئی سی-اے سی کے درمیان وزیر قانون کی موجودگی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط وزارتِ قانون و انصاف کے تحت قائم انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر اور او آئی سی آربیٹریشن سینٹر کے درمیان ثالثی، آربیٹریشن اور متبادل تنازعاتی حل کے فروغ کے لیے تعاون پر اتفاق

اسلام آباد، 24 اگست 2026ء: پاکستان کے نظامِ انصاف میں ثالثی اور مصالحت کے ذریعے تنازعات کے حل کو فروغ دینے کے لیے او آئی سی آربیٹریشن سینٹر (OIC-AC) اور وزارتِ قانون و انصاف کے تحت قائم انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر (IMAC) کے درمیان اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہو گئے۔

مفاہمتی یادداشت پر وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور او آئی سی آربیٹریشن سینٹر کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عمر اے اوسی کی موجودگی میں کامسٹیکس میں منعقدہ سول، کمرشل اور شریعہ سے ہم آہنگ ثالثی کے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب کے دوران دستخط کیے گئے۔

مفاہمتی یادداشت کا مقصد ثالثی، آربیٹریشن، متبادل تنازعاتی حل (ADR) اور تنازعات کی روک تھام کے شعبوں میں دونوں اداروں کے درمیان طویل المدت تعاون کا فریم ورک قائم کرنا ہے۔

معاہدے کے تحت دونوں ادارے علم، معلومات، مطبوعات اور پیشہ ورانہ مہارت کے تبادلے کے ساتھ ساتھ استعدادِ کار بڑھانے کے پروگرامز، کانفرنسز، سیمینارز، ویبینارز، لیکچرز اور باہمی دلچسپی کی دیگر سرگرمیوں میں تعاون کریں گے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے موزوں اور مطلوبہ اہلیت کے حامل ثالثوں اور آربیٹریٹرز کی نشاندہی اور سفارش، پیشہ ورانہ نیٹ ورکس کے استحکام اور باہمی طور پر طے شدہ سرگرمیوں کے لیے ادارہ جاتی معاونت کی فراہمی میں بھی تعاون کریں گے۔

شراکت داری کا مقصد پاکستان اور وسیع تر او آئی سی خطے میں مؤثر اور بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ ثالثی و آربیٹریشن کے طریقہ کار کو فروغ دینا اور تنازعات کے پرامن، مؤثر اور کم لاگت حل کے کلچر کو مضبوط بنانا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور عالمی شراکت داروں کے درمیان اس نوعیت کا تعاون ثالثی اور متبادل تنازعاتی حل کے شعبے میں بین الاقوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دوست ممالک اور عالمی شراکت داروں کے تعاون سے بامقصد اور منفرد شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ ایسی شراکت داریاں پاکستان میں ثالثی کے نظام کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ عالمی سطح پر تعاون کے نئے مواقع پیدا کریں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں میڈی ایشن اور مصالحت کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جا رہی ہے اور اس شعبے میں بین الاقوامی اداروں اور شراکت داروں کے ساتھ تعاون مزید مضبوط کیا جائے گا۔

او آئی سی آربیٹریشن سینٹر کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عمر اے اوسی نے کہا کہ OIC-AC اور IMAC کے درمیان مفاہمتی یادداشت دونوں اداروں کے درمیان جاری تعاون کو عالمی سطح تک لے جانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علماء کرام کے لیے سول، مالی اور شریعہ سے ہم آہنگ ثالثی کے اصولوں کو ایک جامع تربیتی فریم ورک میں یکجا کرنے والا پانچ روزہ تربیتی پروگرام ایک منفرد ماڈل ہے جس میں بین الاقوامی سطح پر دلچسپی پیدا ہوئی ہے۔

ڈاکٹر عمر اے اوسی نے کہا کہ OIC Arbitration Centre اور IMAC اس ماڈل کو مزید آگے بڑھانے اور مختلف ممالک میں اس کے فروغ کے امکانات تلاش کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

مفاہمتی یادداشت دونوں اداروں کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، ادارہ جاتی استعداد اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے ساتھ پاکستان اور وسیع تر او آئی سی خطے میں تنازعات کے مؤثر اور پرامن حل کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »