اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) مراکش کے یومِ تخت کی 27ویں سالگرہ کی تقریب اسلام آباد میں منعقد
Share
اسلام آباد، 31 جولائی 2026 (ڈیجیٹل پوسٹ) : مراکش کے یومِ تخت کی 27ویں سالگرہ کی تقریب اسلام آباد میں منعقد سفیر محمد کارمونے نے مراکش کی ترقی اور معاشی کامیابیوں کو اجاگر کیا وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک مہمانِ خصوصی تھے
اسلام آباد میں مملکتِ مراکش کے سفارتخانے کے زیرِ اہتمام شاہ محمد ششم کے تخت نشین ہونے کی 27ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی، جس میں مراکش کی ترقی، معاشی کامیابیوں اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے مراکش کو حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مراکش کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط مزید مضبوط ہونے کی امید ہے۔
پاکستان میں مراکش کے سفیر محمد کرمونے نے کہا کہ گزشتہ 27 برسوں کے دوران مراکش نے جمہوری اداروں کے استحکام، معاشی ترقی، سماجی تحفظ اور مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2025 میں مراکش کی معاشی شرح نمو تقریباً 4.9 فیصد رہی جبکہ 2026 میں بھی اس کے تقریباً اسی سطح یا اس سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
سفیر نے کہا کہ مراکش صنعت، سیاحت اور سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن مضبوط کر رہا ہے، جبکہ آٹوموٹیو، ایوی ایشن، قابلِ تجدید توانائی اور فوڈ پروسیسنگ اہم شعبوں کے طور پر ابھر رہے ہیں۔
پاکستان اور مراکش کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے سفیر کارمونے نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 72 سال سے زائد عرصے پر محیط تاریخی تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے سیاسی روابط، اعلیٰ سطحی دوروں اور عالمی اداروں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

