اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) چہلم امام حسینؑ: فول پروف سکیورٹی کے لیے اٹک پولیس متحرک، ڈی پی او سردار موارہن خان کی قیادت میں ضلع بھر میں فلیگ مارچ
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) چہلم امام حسینؑ: فول پروف سکیورٹی کے لیے اٹک پولیس متحرک، ڈی پی او سردار موارہن خان کی قیادت میں ضلع بھر میں فلیگ مارچ
چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر امن و امان کے قیام اور عزاداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹک پولیس پوری طرح متحرک ہو گئی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سردار موارہن خان کی قیادت میں ضلع بھر میں فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے شرکت کی۔
فلیگ مارچ ضلع کے مختلف شہروں، اہم شاہراہوں، حساس مقامات، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس سے گزرا۔ اس موقع پر پولیس کی بھرپور موجودگی کا مقصد شہریوں میں احساسِ تحفظ کو فروغ دینا، سکیورٹی اداروں کی مکمل تیاری کا اظہار کرنا اور شرپسند عناصر کو قانون کی عملداری کا واضح پیغام دینا تھا۔
ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر ضلع بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ پولیس، ایلیٹ فورس اور دیگر ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور پرامن ماحول کا قیام اٹک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ تمام افسران اور اہلکاروں کو ہائی الرٹ رہنے، مسلسل نگرانی جاری رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر ردعمل یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈی پی او اٹک کا کہنا تھا کہ امن خراب کرنے یا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔
پولیس حکام کے مطابق چہلم حضرت امام حسینؑ کے دوران ضلع بھر میں سکیورٹی کا جامع پلان نافذ العمل رہے گا جبکہ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل الرٹ اور متحرک رہیں گے تاکہ عزاداروں کو محفوظ، پرامن اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

