اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی اقدامات، سکیورٹی انتظامات اور پولیس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی اقدامات، سکیورٹی انتظامات اور پولیس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ ۔آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی، مجالس و جلوسوں کے پرامن انعقاد اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد، سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، ایس ایس پی کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سعود خان اور ایس ایس پی سکیورٹی آپریشنز سلیمان ظفر نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات، سکیورٹی انتظامات، پولیس کی آپریشنل تیاریوں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، درپیش سکیورٹی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے اختیار کی جانے والی حکمتِ عملی پر بھی غور کیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر اور مربوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی جائے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے موثر انتظامات کیے جائیں اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سرانجام دیے جائیں۔اجلاس کے اختتام پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ، امن کے قیام اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔مزید برآں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے “اوپن ڈور پالیسی” کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں اور پولیس افسران کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا میرٹ اور قانون کے مطابق فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی شہری کو پولیس سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلا جھجک کھلی کچہری میں آ سکتا ہے، کیونکہ ان کے دروازے ہمیشہ شہریوں کے لیے کھلے ہیں۔انہوں نے شہریوں کی شکایات پر متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مقررہ مدت کے اندر درخواستوں کو میرٹ پر نمٹا کر رپورٹ سنٹرل پولیس آفس ارسال کی جائے۔آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہریوں کے انعقاد سے عوامی مسائل کے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل میں نمایاں مدد مل رہی ہے۔





