راولپنڈی (ڈیجیٹل پوسٹ) مورخہ 10 جون 2026 کو، ڈپٹی انسپکٹر جنرل راولپنڈی میں پنجاب پریزن فاؤنڈیشن، لاہور کی جانب سے پنجاب پریزن کے افسران و اہلکاران میں شادی، اسکالرشپ اور نوٹیفائیڈ گرانٹس کے چیک تقسیم کرنے کی ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی
راولپنڈی (ڈیجیٹل پوسٹ) مورخہ 10 جون 2026 کو، ڈپٹی انسپکٹر جنرل راولپنڈی میں پنجاب پریزن فاؤنڈیشن، لاہور کی جانب سے پنجاب پریزن کے افسران و اہلکاران میں شادی، اسکالرشپ اور نوٹیفائیڈ گرانٹس کے چیک تقسیم کرنے کی ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں شادی گرانٹس کی مد میں 01 لاکھ روپے سے 05 لاکھ روپے تک، نوٹیفائیڈ گرانٹس کی مد میں 01 لاکھ روپے جبکہ اسکالرشپ گرانٹس کی مد میں 36 ہزار روپے سے 72 ہزار روپے تک کے چیک تقسیم کیے گئے۔
تقریب کی صدارت ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، راولپنڈی ریجن، راولپنڈی جناب عبدالروف رانا نے کی، جبکہ جناب ساجد بیگ، سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل راولپنڈی اور جناب ارشد رزاق، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل جہلم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مقررین نے پنجاب پریزن فاؤنڈیشن، لاہور کی جانب سے ملازمین کو مالی امداد اور فلاحی سہولیات کی فراہمی میں ادا کیے جانے والے مؤثر کردار کو سراہا اور کہا کہ اس نوعیت کے فلاحی اقدامات ملازمین کے حوصلے اور اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں اور محکمہ جیل کی جانب سے فلاحی منصوبوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
شادی گرانٹ افسران و اہلکاران کو ان کے بچوں کی شادی کے موقع پر مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے دی جاتی ہے، جبکہ اسکالرشپ گرانٹ ان کے ہونہار اور قابل بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اسی طرح نوٹیفائیڈ گرانٹ ملازمین کے والدین، شریکِ حیات یا بچوں کی وفات کی صورت میں میت کے تجہیز و تدفین کے اخراجات میں مدد فراہم کرتی ہے۔
مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پنجاب پریزن فاؤنڈیشن کی تمام گرانٹس مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر منظور کی جاتی ہیں۔ گرانٹس حاصل کرنے والے محرران نے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب، لاہور، ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن اور پنجاب پریزن فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کا بروقت مالی امداد کی فراہمی پر پُردل سے شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، راولپنڈی ریجن، راولپنڈی جناب عبدالروف رانا نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ افسران و اہلکاران کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور پنجاب پریزن فاؤنڈیشن کے فوائد تمام محرران تک شفاف اور بروقت انداز میں پہنچانے کو یقینی بنایا جائے گا۔