اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) نواب شاہ رپورٹ طالب حسین خانزادہ : نواب شاہ میں بلدیاتی نظام مفلوج، عوامی مایوسی عروج پر، پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بڑے سیاسی چیلنج کے دہانے پر
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) نواب شاہ رپورٹ طالب حسین خانزادہ : نواب شاہ میں بلدیاتی نظام مفلوج، عوامی مایوسی عروج پر، پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بڑے سیاسی چیلنج کے دہانے پر
صدارتی ہدایات کے باوجود مقامی قیادت کا رویہ تبدیل نہ ہو سکا، اولڈ نواب شاہ اور ایچ ایم خواجہ ٹاؤن کے عوام لاوارث، بنیادی سہولیات کا فقدان اور کھلے گٹر انتظامیہ کی کارکردگی کا منہ چڑا رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مضبوط ترین گڑھ ضلع شہید بینظیر آباد میں مقامی منتخب نمائندوں کی کارکردگی پارٹی کی ساکھ کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہے۔ حال ہی میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نمائندوں کو عوام میں جانے اور مسائل کے فوری حل کا واضح ٹاسک دیا تھا، لیکن گراؤنڈ پر ان ہدایات کا صفر فیصد اطلاق دیکھنے میں آیا ہے۔
شہریوں کے مطابق، شہر کو بنیادی سہولیات (پانی، اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی مرمت، صفائی) فراہم کرنے اور تجاوزات خاتمے کے دعوے سراب ثابت ہوئے ہیں۔ صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ شہر کے میئر، ڈپٹی میئر اور ایچ ایم خواجہ و اولڈ نواب شاہ ٹاؤن کے چیئرمینز کے اپنے حلقے مسائل کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں۔ اختیارات اور فنڈز مبینہ طور پر ماتحت عملے کے حوالے کر دیے گئے ہیں جبکہ نمائندے عوام سے کٹے ہوئے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، اگر اعلیٰ قیادت نے اپنی مقامی قیادت کی اس سستی، غفلت اور عوام دشمن رویے کا فوری نوٹس نہ لیا، تو آئندہ انتخابات میں عوام کا ردعمل انتہائی سخت ہو سکتا ہے، جو پارٹی کے روایتی ووٹ بینک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچائے گا۔

