رحیم یارخان (ڈیجیٹل پوسٹ) ڈسٹرکٹ پریس کلب (رجسٹرڈ) رحیم یارخان کا ہنگامی اجلاس
Share
رحیم یارخان (ڈیجیٹل پوسٹ) ڈسٹرکٹ پریس کلب (رجسٹرڈ) رحیم یارخان کا ہنگامی اجلاس، صحافی کے خلاف جھوٹے مقدمے کی شدید مذمت، پولیس کوریج کے بائیکاٹ کا اعلان، ڈسٹرکٹ پریس کلب (رجسٹرڈ) رحیم یارخان کا ایک اہم ہنگامی اجلاس قائم مقام صدر شیخ جہانگیر اشرف اور جنرل سیکرٹری سکندر زماں چودھری کی قیادت میں منعقد ہوا، جس میں صحافی و ممبر پریس کلب ارسلان شوکت مہاندرہ کے خلاف پولیس کی جانب سے درج کیے گئے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں سابق صدور رانا امتیاز احمد خاں، میاں احسان الحق، قیصر غفور چودھری، عاصم صدیق بھٹی، چودھری جاوید اقبال، چودھری شہباز احمد، سابق جنرل سیکرٹریز جی ایم حیدر سدھو، ظہیر انور ملک، انفارمیشن سیکرٹری چودھری وسیم امیر، اور سینئر ممبران سردار نذرِ عباس رند، چودھری فاروق ریاض گجر، غلام حیدر منگریو سمیت دیگر صحافیوں نے اس معاملے پر تفصیلی مشاورت کرتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل اور مختلف تجاویز پیش کیں۔ اور کہا کہ اگر پولیس اپنے موقف میں سچائی رکھتی ہے تو وہ عوام کے سامنے واضح کرے کہ مقدمہ کس بنیاد پر درج کیا گیا، اور اس کے پیچھے کون سے حقائق کارفرما ہیں۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ جھوٹا مقدمہ درج کرنے کے احکامات دینے والے افسر کا مکمل اور شفاف احتساب کیا جائے تاکہ آئندہ کسی صحافی کو حق گوئی کی سزا نہ دی جا سکے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ صحافی برادری فحاشی اور بے حیائی کے خلاف آواز بلند کرنے پر نشانہ بننے والے اپنے ساتھی کے ساتھ کھڑی ہے اور پولیس کی جانب سے درج کیے گئے جھوٹے مقدمے کو ہر فورم پر چیلنج کیا جائے گا۔ اس موقع پر متفقہ طور پر طے پایا کہ صحافی برادری کی جانب سے پولیس کی کوریج کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا جب تک انصاف فراہم نہیں کیا جاتا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صحافت کی آزادی، حق اور سچ کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور کسی بھی قسم کے دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ اختیار بھی کابینہ ڈسٹرکٹ پریس کلب کو دیا گیا کہ وہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے، جس پر تمام ممبران مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ قائم مقام صدر شیخ جہانگیر اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہوتے ہیں، اور اگر انہیں ہی دبانے کی کوشش کی جائے گی تو یہ نہ صرف آزادی صحافت بلکہ انصاف کے نظام پر بھی سوالیہ نشان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر سچ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ جنرل سیکرٹری سکندر زماں چودھری نے کہا کہ پولیس کی جانب سے ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافی برادری متحد ہے اور اپنے ساتھی کے خلاف ہونے والی زیادتی کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی، چاہے اس کے لیے سخت سے سخت احتجاج کیوں نہ کرنا پڑے۔ مشاورتی اجلاس میں صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
کیپشن:
رحیم یارخان: قائم مقام صدر شیخ جہانگیر اشرف صحافی و ممبر پریس کلب کے خلاف درج جھوٹے مقدمے کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں جبکہ جنرل سیکرٹری سکندر زماں چودھری‘ سینئر ممبران اور صحافیوں کی کثیر تعداد بھی موجود ہے

