اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) عید الاؤنس جاری کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے کے شکر گزار ہیں چوہدری محمد یٰسین
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) سی ڈی اے مزدور یونین کی جانب سے دائر کیس میں نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن (این آئی آر سی) کے فاضل ممبر کے احکامات کے مطابق سی ڈی اے انتظامیہ نے ملازمین کے لیے عید الاؤنس جاری کر دیا۔اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، چیئرمین سی ڈی اے لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف، سی ڈی اے بورڈ ممبران،ڈی جی ایڈمن کیپٹن (ر) اویس افضل،ڈپٹی فنانشل ایڈوائزراعتزازہاشمی اور سی ڈی اے انتظامیہ خصوصاً فنانس ونگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملازمین کے لیے عید الاؤنس جاری کرنے پر ہم انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین ملازمین کی نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصد مزدوروں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود ہے اس سلسلے میں ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سی ڈی اے ملازمین کے باقی ماندہ حل طلب مسائل بھی جلد حل کیے جائیں گے۔چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ہم چیئرمین سی ڈی اے کو یقین دلاتے ہیں کہ وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ کے وژن کی روشنی میں شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے تمام ملازمین محنت اور لگن سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ ملازمین کی فلاح وبہبود،ادارے کی ترقی اور شہر کی خوبصورتی کے لیے سی ڈی اے انتظامیہ جو اقدامات کرے گی اس پر سی ڈی اے مزدور یونین بھرپور تعاون کرے گی۔

