اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) 02 ماہ کی معصوم بچی کے اغواء کا سنسنی خیز ڈراپ سین۔اسلام آباد پولیس نے بروقت، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ذریعے چند گھنٹوں میں کمسن بچی کو مری سے بحفاظت بازیاب کرا لیا
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) 02 ماہ کی معصوم بچی کے اغواء کا سنسنی خیز ڈراپ سین۔اسلام آباد پولیس نے بروقت، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ذریعے چند گھنٹوں میں کمسن بچی کو مری سے بحفاظت بازیاب کرا لیا ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے علاقے تھانہ بھارہ کہو میں 02 ماہ کی معصوم بچی فجر نور کے اغواء کا دل دہلا دینے والے واقعہ پیش آیا، جس کا ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر محمد خرم اشرف اور ایس ڈی پی او شمس اکبر کی زیر نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں، پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں، انسانی ذرائع اور خفیہ معلومات کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف شواہد کی بنیاد پر مری میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو ماہ کی معصوم بچی فجر نور کو بحفاظت بازیاب کرتے ہوئے مرکزی ملزمہ اقصیٰ جمیل اور ٹیکسی ڈرائیور ظہیر کو گرفتار کر لیا، ملزمہ محلے میں جعلی نام مریم سے رہائش پذیر تھی اور بچی کی والدہ سے تعلقات استوار کر کے اعتماد حاصل کیا، ملزمہ بچی کو کھلانے کے بہانے اپنے ساتھ لے گئی اور بعد ازاں بچی کو لے کر فرار ہوگئی تھی، ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا کہ اغواء جیسے سنگین جرم میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی اور تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس نے رواں سال 2026 میں بھی متعدد اہم اور سنگین مقدمات کو 24 گھنٹوں سے کم وقت میں حل کر کے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، معصوم بچی کی بحفاظت بازیابی پر والدین نے اسلام آباد پولیس کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کی بروقت کارروائی کو قابل ستائش قرار دیا، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے

