LOADING

Type to search

National

سرگودھا (ڈیجیٹل پوسٹ) یونیورسٹی آف سرگودھا میں آئی سی ایس ایف-یو او ایس فیلوشپ پروگرام کےاختتام پر چائنا فیلوشپ ایوارڈ کی تقریب

Share

یونیورسٹی آف سرگودھا میں آئی سی ایس ایف-یو او ایس فیلوشپ پروگرام 2025–26 کے اختتام کے موقع پر چائنا فیلوشپ ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکا، اساتذہ، مقررین اور پروگرام انتظامیہ کی خدمات کو سراہا گیا۔ چھ ماہ پر مشتمل یہ فیلوشپ پروگرام انسٹی ٹیوٹ فار اے کمیونٹی ود شیئرڈ فیوچر (آئی سی ایس ایف)، کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا بیجنگ کے زیر اہتمام پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔ پروگرام 14 اکتوبر 2025ء سے 28 اپریل 2026ء تک جاری رہا جس کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی تبادلوں، تحقیقی اشتراک اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ تقریب کا مشترکہ انعقاد پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنا سٹڈیز (پکس-یو او ایس)اور پاکستان ریسرچ سینٹر فار اے کمیونٹی ود شیئرڈ فیوچر (پی آر سی سی ایس ایف) اسلام آباد نے سفارت خانہ چین کے اشتراک سے کیا۔ تقریب کا آغاز پی آر سی سی ایس ایف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد تیمور اکرم کے لیکچر سے ہوا جس کا عنوان ’’مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی: پاکستان میں نوجوانوں کے لیے راستے اور امکانات‘‘تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ باہم مربوط دنیا میں کوئی بھی ملک تنہا ترقی نہیں کر سکتا اور عالمی چیلنجز کا حل مشترکہ کوششوں میں مضمر ہے۔

انہوں نے مشترکہ مستقبل کے تصور کو باہمی احترام، باہمی فائدے، پائیدار ترقی اور پرامن بقائے باہمی پر مبنی قرار دیا۔ پاکستان کی سٹریٹجک اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور چین کے درمیان ایک اہم رابطہ مرکز ہے۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو مشترکہ مستقبل کے تصور کی عملی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انفراسٹرکچر، توانائی، صنعتی تعاون اور تجارت کو فروغ ملا ہے جبکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے توانائی، مینوفیکچرنگ، زراعت، آئی ٹی اور تعمیرات کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا پاکستان کے مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔تقریب کے دوسرے حصے میں فیلوشپ مکمل کرنے والے شرکا میں اسناد اور اعزازات تقسیم کئے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی یونیورسٹی آف سرگودھا کے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر امیر علی تھے جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں ڈائریکٹر آئی ٹی اشتیاق احمد گوندل، پی آر سی سی ایس ایف کے بورڈ ممبر وجاہت علی اور چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف بائیوٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد عرفان شامل تھے۔

کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا کے آئی سی ایس ایف کے ڈین پروفیسر لی ہوائی لیانگ نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ یہ فیلوشپ صرف ایک تعلیمی سفر کا اختتام نہیں بلکہ بین الاقوامی علمی تبادلے اور اشتراک کی کامیاب مثال ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا اور شراکت دار اداروں کے کردار کو سراہا۔ بعد ازاں ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان نے پروگرام کی تفصیلات، مقاصد اور اثرات پر جامع بریفنگ دی اور کہا کہ اس پروگرام نے شرکا کی تحقیقی صلاحیتوں اور تنقیدی سوچ کو فروغ دیا۔ تقریب میں طلبہ نے چینی زبان میں نغمے پیش کیے جس سے پاک چین دوستی اور ثقافتی ہم آہنگی کی عکاسی ہوئی۔ شرکا کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد سہیل حسن نے اپنے تجربات بیان کیے اور کہا کہ فیلوشپ نے ان کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا۔ ڈاکٹر عاصمہ خضر نے پروگرام کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے تعلیمی تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ پروگرام کے تحت مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 42 شرکا کو اسناد سے نوازا گیا۔ تقریب میں خالد تیمور اکرم کو ان کی قیادت کے اعتراف میں شیلڈ اور اعزازی سند پیش کی گئی جبکہ ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان کو بھی پروگرام کے کامیاب انعقاد پر اعزازی سند دی گئی۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈاکٹر امیر علی نے اظہار تشکر کرتے ہوئے پاک چین تعلیمی تعاون کے فروغ میں اداروں کے کردار کو سراہا۔ تقریب کی نظامت علشبہ اسلم نے جبکہ اسناد کی تقسیم کی ذمہ داری یسریٰ بنت نثار نے انجام دی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »