LOADING

Type to search

Islamabad National

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) پولیس کا غازی ویک کے تسلسل میں مختلف تقاریب کا انعقاد

Share

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) پولیس کا غازی ویک کے تسلسل میں مختلف تقاریب کا انعقاد ۔سینئر پولیس افسران نے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران بے مثال بہادری اور لازوال قربانیاں پیش کرنے والے شجاع اور دلیر غازی پولیس افسران کو خراج تحسین پیش کیا۔ غازیان وفاقی پولیس اور ان کے اہلخانہ کے اعزاز میں ڈنر کا اہتمام کیا گیا اور انہیں میڈلز ،تعریفی اسناد اور تحائف سے نوازا گیا۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر “غازی ویک” کے سلسلے میں مختلف تقاریب کا انعقاد کر رہی ہے، جن کا مقصد فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران بے مثال جرات، غیر متزلزل عزم اور لازوال قربانیوں کی داستانیں رقم کرنے والے دلیر و شجاع غازی پولیس افسران کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔اسی سلسلے میں پولیس کے غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے اعزاز میں عشائیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں پولیس کے سینئر افسران، اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے عہدیداران، سول سوسائٹی، ڈی آئی جی سکیورٹی محمد عتیق طاہر، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر، اے آئی جی لاجسٹکس عبد الحق عمرانی، ایس ایس پی وی وی آئی پی پروٹیکشن کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر، ایس ایس پی سی ٹی ڈی سعود خان، ایس پی پری گل ترین اور دیگر افسران نے غازی پولیس افسران کو ان کی شجاعت، استقامت اور بے لوث قربانیوں کے اعتراف میں میڈلز، تعریفی اسناد اور تحائف سے نوازا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہمارے غازیانِ اسلام آباد پولیس محض ایک فورس کا حصہ نہیں بلکہ بہادری، ایثار اور فرض شناسی کی زندہ مثال ہیں۔ یہ وہ جانباز ہیں جنہوں نے خطرات کے طوفانوں میں سینہ سپر ہو کر نہ صرف قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا بلکہ اپنے خون سے امن کی شمع روشن کی۔ ان کی جرات و بہادری آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ اور عزم و ہمت کا استعارہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس اپنے ان بہادر سپوتوں کے ساتھ ہر لمحہ کھڑی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ غازیوں کے عزم، حوصلے، جذبہ خدمت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے سینئر پولیس افسران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ملک و قوم کے لیے قربانیاں دینے والوں کے اہلِ خانہ بھی اتنے ہی قابلِ احترام ہیں، کیونکہ یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے پیاروں کو قوم کے محفوظ مستقبل کے لیے قربان کرتے ہیں۔ اپنے آج کو دوسروں کے کل پر نچھاور کرنے والے یہ عظیم لوگ تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے یاد رکھے جائیں گے۔واضح رہے کہ اب تک اسلام آباد پولیس کے 169 افسران غازی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ یہ وہ نڈر اور بہادر افسران ہیں جو فرائض کی ادائیگی کے دوران شرپسند اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے رہے اور اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر شدید زخمی ہوئے، مگر اپنے عزم و استقلال میں کبھی کمی نہیں آنے دی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »