کراچی (ڈیجیٹل پوسٹ) این آئی سی وی ڈی میں انتظامی نااہلی کے باعث امراضِ قلب کے مریض شدید مشکلات کا شکار
Share
کراچی (ڈیجیٹل پوسٹ) کراچی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (این آئی سی وی ڈی) میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹائرڈ پروفیسر طاہر صغیر کی نااہلی کے باعث دل کے مریضوں کو شدید پریشانی اور اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق نہ صرف او پی ڈی میں آنے والے سنگین مریضوں کے لیے مناسب جگہ دستیاب نہیں بلکہ ایمرجنسی میں آنے والے مریض بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں مزید برآں مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو شدید رش، بدنظمی اور ناقص انتظامات کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ میسر نہیں جبکہ شدید گرمی کے موسم میں مریض دربدر ہونے پر مجبور ہیں، جس سے ان کی صحت کو مزید خطرات لاحق ہو رہے ہیں عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اس ادارے پر اربوں روپے خرچ کرتی ہے، مگر ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی نااہلی کے باعث مریض بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی فوری انکوائری کرائی جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔


