LOADING

Type to search

Islamabad National

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) پاکستان اور تاجکستان کے درمیان قانونی و عدالتی شعبے میں تعاون کے فروغ پر اتفاق

Share

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) پاکستان اور تاجکستان کے درمیان قانونی و عدالتی شعبے میں تعاون کے فروغ پر اتفاق

جمہوریہ تاجکستان کے پاکستان میں سفیر، عزت مآب شریف زادہ یوسف توئر، اپنے وفد کے ہمراہ آج اسلام آباد میں وزارتِ قانون و انصاف میں وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مشترکہ ثقافتی ورثے، تاریخی روابط اور باہمی خیر سگالی کو دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیاد قرار دیا گیا۔ اس موقع پر قانونی اور ادارہ جاتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

اس موقع پر حکومتِ پاکستان کی وزارتِ قانون و انصاف اور جمہوریہ تاجکستان کی وزارتِ انصاف کے مابین باہمی قانونی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ مجوزہ مفاہمتی یادداشت کا مقصد قانونی امور میں تعاون کو فروغ دینا، مہارت کے تبادلے کو ممکن بنانا اور دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان روابط کو مستحکم کرنا ہے۔

دونوں جانب سے قانونی و عدالتی شعبے میں تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا، جس میں قانونی ماہرین، ججز اور پیشہ ور افراد کا تبادلہ، استعداد کار میں اضافہ، خصوصی تربیتی پروگرامز کا انعقاد، اور کمرشل قوانین، تنازعات کے حل اور ریگولیٹری فریم ورک جیسے شعبوں میں بہترین طریقہ کار کا تبادلہ شامل ہے۔ ثالثی (Arbitration)، مصالحت (Mediation) اور سرحد پار تنازعات کے حل میں تعاون کو بھی اہم ترجیح قرار دیا گیا۔

 

اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں وزارتوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی سے انصاف تک رسائی میں بہتری، ادارہ جاتی کارکردگی میں اضافہ اور شفاف و قابلِ پیش گوئی قانونی نظام کے ذریعے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ ملے گا۔

وفاقی وزیرِ قانون و انصاف نے سفیر تاجکستان کی دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کاوشوں کو سراہا اور پاکستان کی جانب سے تمام شعبوں خصوصاً قانونی و عدالتی میدان میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں جانب سے مجوزہ مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دینے اور جلد دستخط کے لیے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »