کراچی (ڈیجیٹل پوسٹ) جناح اسپتال کی کینٹین میں مہنگی اشیاء کی فروخت، انتظامیہ کی مبینہ غفلت پر تشویش
Share
کراچی (ڈیجیٹل پوسٹ) جناح اسپتال کی کینٹین میں مہنگی اشیاء کی فروخت، انتظامیہ کی مبینہ غفلت پر تشویش
کراچی تفصیلات کے مطابق شہر کے بڑے سرکاری طبی ادارے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جناح اسپتال) میں قائم نئی کینٹین میں اشیائے خورد و نوش مہنگے داموں فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر مریضوں کے تیمارداروں اور شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق کینٹین میں آلو سموسہ 50 روپے جبکہ چکن سموسہ 60 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جب کہ یہی اشیاء بازار میں نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہیں۔ اسی طرح چائے کا عام کپ 80 روپے اور فل کپ 100 روپے میں فروخت ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دیگر ہوٹلوں پر آدھا کپ (کٹ) چائے کی سہولت موجود ہوتی ہے، مگر اسپتال کی کینٹین میں یہ سہولت بھی فراہم نہیں کی جا رہی۔
مزید برآں دال، سبزی، مرغی کے سالن اور دیگر کھانے بھی من مانے نرخوں پر فروخت کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث خصوصاً غریب مریضوں کے تیماردار شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔ اسپتال میں سندھ سمیت ملک بھر سے آنے والے افراد کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتال میں اشیاء سستے داموں دستیاب ہونی چاہئیں، کیونکہ یہاں زیادہ تر کم آمدنی والے افراد علاج کے لیے آتے ہیں شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ کینٹین کے ٹھیکے بھاری رقم کے عوض دیے گئے ہیں اور مؤثر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث مہنگے اور مبینہ طور پر ناقص معیار کے کھانے کی فروخت جاری ہے۔ رمضان المبارک کے دوران کینٹین پر رش بڑھنے سے صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے اور باہر سے آنے والے افراد مجبوری کے تحت مہنگی اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں۔عوام نے اسپتال انتظامیہ خصوصاً ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد شیر، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عدیل سموں سے مطالبہ کیا ہے کہ کینٹین کے ریٹس فوری کم کرائے جائیں، معیار اور مقدار کی نگرانی کے لیے باقاعدہ کمیٹی تشکیل دی جائے اور ماہانہ بنیاد پر رپورٹ طلب کی جائے۔شہریوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ کینٹین میں استعمال ہونے والے کھانے پینے کے مواد کا معیار جانچا جا سکے اور غریب مریضوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

