LOADING

Type to search

International

رباط (ڈیجیٹل پوسٹ) مراکش کا دفاعی صنعت میں خودکفالت حاصل کرنے کے لیے بڑا منصوبہ، 2035 تک 50 ہزار ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف

Share

رباط (ڈیجیٹل پوسٹ): مراکش کے بادشاہ محمد ششم نے ملک میں دفاعی اور سکیورٹی صنعت کے فروغ کے لیے ’’مراکش آفر‘‘ کے نام سے ایک جامع قومی منصوبے کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت دفاعی پیداوار میں خودکفالت حاصل کرنے اور عالمی دفاعی منڈی میں مراکش کا مقام مضبوط بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

18 نومبر کو رباط کے شاہی محل میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شاہ محمد ششم نے حسن دوم فنڈ برائے اقتصادی و سماجی ترقی کو منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد کے لیے 4 ارب مراکشی درہم فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

منصوبے کے تحت مراکش ڈرونز، خودکار دفاعی نظام، زمینی و بحری دفاعی سازوسامان، دفاعی الیکٹرانکس، سائبر سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں مقامی پیداواری صلاحیتیں قائم کرے گا۔ اس مقصد کے لیے تحقیق، ڈیزائن، تیاری، مرمت، جانچ اور ذخیرہ کرنے سمیت دفاعی صنعت کی مکمل ویلیو چین کو ملک میں ترقی دی جائے گی۔

حکومت دفاعی صنعتی پالیسی کی نگرانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک خصوصی اسٹریٹجک ایجنسی اور صنعتی ہولڈنگ کمپنی بھی قائم کرے گی، جبکہ بن جریر اور بنسلیمان میں دو نئے بڑے دفاعی صنعتی زونز قائم کیے جائیں گے۔

منصوبے کے تحت دفاعی صنعت سے متعلق انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی تربیت کے لیے خصوصی اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی، جس میں مقامی ماہرین کے ساتھ بیرون ملک مقیم مراکشی ہنرمندوں کی صلاحیتوں سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔

مراکش نے 2035 تک دفاعی صنعت کے ذریعے 50 ہزار براہِ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا کرنے، ملکی مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی 40 فیصد دفاعی ضروریات مقامی پیداوار سے پوری کرنے اور دفاعی صنعت کے مجموعی کاروبار کا 65 فیصد سے زائد حصہ برآمدات سے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

شاہ محمد ششم نے منصوبے پر فوری اور مؤثر عمل درآمد، سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو آسان بنانے، نجی شعبے کو متحرک کرنے اور ملک کے اندرون و بیرون ملک موجود ہنرمند افراد کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔

مراکش کا یہ اقدام دفاعی خودمختاری مضبوط بنانے، غیر ملکی دفاعی سازوسامان پر انحصار کم کرنے اور ملک کو عالمی دفاعی صنعت کا ایک اہم پیداواری مرکز بنانے کی جانب بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »