اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی، اسلام آباد زون برطانیہ ورک ویزا فراڈ کیس — شہری سے 50 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیانے والے دو ملزمان گرفتار
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ): ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے برطانیہ کا ورک ویزا فراہم کرنے کے نام پر شہری سے بھاری رقم ہتھیانے کے الزام میں دو ملزمان محمد عثمان اور بابر حسین کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان نے اپنے تیسرے ساتھی طارق بشیر کے ساتھ مبینہ طور پر ملی بھگت کرتے ہوئے شہری کو اس کی اہلیہ کے لیے برطانیہ کا ورک ویزا فراہم کرنے کا جھانسہ دیا اور مجموعی طور پر 50 لاکھ 42 ہزار روپے اور 200 برطانوی پاؤنڈ وصول کیے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے ویزا پراسیسنگ کے لیے مبینہ طور پر جعلی تجربہ سرٹیفکیٹ بھی تیار کیا۔ برطانیہ کے ہوم آفس کی جانب سے ویزا درخواست مسترد ہونے کے باوجود ملزمان نے نہ ویزا فراہم کیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔
ملزمان کے خلاف امیگریشن آرڈیننس 1979 کی دفعات 18 اور 22، بجرم 109 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تیسرے ملزم کے کردار سمیت دیگر پہلوؤں کا تعین دورانِ تفتیش کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر اسلام آباد زون نے ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ ایف آئی اے اسلام آباد زون شہریوں کو ویزا فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا۔

