اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) کشمیر گرلز کیڈٹ کالج: علم، کردار سازی اور حب الوطنی کا روشن سفر
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن لنگرپورہ میں قائم کشمیر گرلز کیڈٹ کالج ایک ایسا منفرد تعلیمی و تربیتی ادارہ ہے جو آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی بچیوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ نظم و ضبط، خوداعتمادی، کردار سازی، قومی شعور اور قیادت کی صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔ یہ ادارہ محض ایک درس گاہ نہیں بلکہ ایسی نسل تیار کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے جو مستقبل میں پاکستان اور آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور دفاع میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے۔14 اگست 2025ء کو اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کرنے والا کشمیر گرلز کیڈٹ کالج مختصر عرصے میں اپنی سرگرمیوں، تعلیمی ماحول اور تربیتی نظام کے باعث ایک منفرد شناخت بنانے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سیٹلائٹ ٹاؤن لنگرپورہ مظفرآباد میں وسیع رقبے پر قائم یہ ادارہ چھٹی جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک طالبات کو تعلیم کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ وفاقی تعلیمی بورڈ سے منسلک اس ادارے کا بنیادی تصور یہ ہے کہ ہماری بیٹیاں صرف تعلیم یافتہ ہی نہ ہوں بلکہ باکردار، بااعتماد، خودمختار اور قومی ذمہ داریوں کا شعور رکھنے والی شخصیات بنیں۔ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر مطیع اللہ جان، ڈائریکٹر عابد خان خٹک اور پرنسپل میجر (ر) رشید مغل کی نگرانی میں تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ اساتذہ اور انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں سے طالبات کی نصابی تعلیم کے ساتھ جسمانی تربیت، کھیلوں، تقریری و ادبی سرگرمیوں، قومی تقریبات، پریڈ اور مختلف ہم نصابی پروگراموں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔کسی بھی کیڈٹ ادارے کی اصل کامیابی صرف امتحانی نتائج یا تعلیمی اسناد سے نہیں بلکہ اس کے طلبہ و طالبات کے نظم و ضبط، کردار، اعتماد اور عملی زندگی میں ذمہ داریاں ادا کرنے کی صلاحیت سے پہچانی جاتی ہے۔ کشمیر گرلز کیڈٹ کالج اسی سوچ کے تحت طالبات کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو نکھارنے کی کوشش کر رہا ہے۔لاہور کا تاریخی و مطالعاتی دورہ، یادگار تجربات اور قومی شعور’ اسی تربیتی وژن کے تحت کشمیر گرلز کیڈٹ کالج کی کیڈٹس، اساتذہ اور انتظامیہ نے حال ہی میں لاہور کا تین روزہ تاریخی و مطالعاتی دورہ کیا۔ یہ دورہ محض تفریحی سرگرمی نہیں تھا بلکہ طالبات کو پاکستان کی تاریخ، تہذیب، قومی ورثے، دفاعی تاریخ اور ثقافتی شناخت سے عملی طور پر روشناس کرانے کا ایک بہترین موقع تھا’ دورے کے پہلے روز کیڈٹس نے مینارِ پاکستان، بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ لاہور کا دورہ کیا۔ یہ تینوں مقامات ہماری قومی، تاریخی اور تہذیبی شناخت کے اہم مظاہر ہیں۔ مینارِ پاکستان وہ تاریخی یادگار ہے جہاں 23 مارچ 1940ء کو قراردادِ لاہور منظور ہوئی، جس نے قیام پاکستان کی جدوجہد کو ایک واضح سیاسی سمت عطا کی۔ یہاں پہنچ کر طالبات کو تحریک پاکستان، قائداعظم کی جدوجہد اور حصول پاکستان کے تاریخی پس منظر کو سمجھنے کا موقع ملا’ بادشاہی مسجد کی عظمت، اسلامی طرز تعمیر اور شاہی قلعہ کی تاریخی اہمیت نے طالبات کے مشاہدے میں مزید اضافہ کیا۔ ایسے مقامات کا عملی دورہ نئی نسل کو اپنے ماضی سے جوڑنے اور قومی ورثے کی حفاظت کا احساس پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے’ آرمی میوزیم لاہور، دفاع پاکستان کی تاریخ سے آگاہی کیڈٹس نے آرمی میوزیم لاہور کا دورہ کیا جہاں میوزیم کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر بریگیڈیئر عمر خالد چٹھہ، لیفٹیننٹ کرنل اکرم،چیف ایگزیکٹو، نشانِ حیدر شہداء ریسرچ فورم عباس بیگ مرزا اور نعیم شہزاد مغل نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور لاہور آمد پر خوش آمدید کہا’ اس موقع پر مس آفیہ نے تصویری داستان (Picture Story) کے ذریعے 1947ء سے لے کر موجودہ دور تک پاکستان کی تاریخ اور دفاعی سفر پر انتہائی معلوماتی بریفنگ دی۔ کیڈٹس نے قیام پاکستان، دفاع وطن، قومی سلامتی اور افواج پاکستان کی قربانیوں سے متعلق تاریخی حقائق اور یادگاروں کا مشاہدہ کیا’ آرمی میوزیم کا یہ دورہ طالبات کے لیے ایک ایسا تعلیمی تجربہ تھا جس نے انہیں کتابوں میں پڑھی ہوئی تاریخ کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔ دفاع وطن کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء اور غازیوں کی داستانیں نئی نسل میں حب الوطنی، قومی ذمہ داری اور وطن سے وفاداری کے جذبات کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔آرمی میوزیم کے دورے کے بعد کیڈٹس نے واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب دیکھی۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر سکندر حیات نے کیڈٹس کا خیرمقدم کیا اور ان کے ساتھ تصاویر کا سیشن بھی ہوا۔ واہگہ بارڈر کی تقریب، قومی پرچم کی سربلندی اور جوانوں کے ولولہ انگیز جذبے کا مشاہدہ طالبات کے لیے ایک ناقابل فراموش تجربہ تھا طالبات نے عملی طور پر محسوس کیا کہ وطن کی سرحدوں کا تحفظ، قومی وقار اور آزادی کی حفاظت کتنی بڑی ذمہ داری ہے۔مطالعاتی دورے کے تیسرے روز کیڈٹس نے تاریخی شالیمار گارڈن کا دورہ کیا۔ مغل دور کے اس عظیم باغ کی خوبصورتی، تاریخی اہمیت، ترتیب اور فن تعمیر کا قریب سے مشاہدہ کیا۔ شالیمار گارڈن ہماری تہذیبی تاریخ اور فن تعمیر کا ایسا شاہکار ہے جو ماضی کی عظمت اور جمالیاتی ذوق کی عکاسی کرتا ہے’اس کے بعد کیڈٹس نے فورٹریس روڈ، جوائے لینڈ اور ونٹر لینڈ کا رخ کیا جہاں انہوں نے تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارے۔ یوں تیسرے روز کی سرگرمیوں میں علم، تاریخ، تفریح، باہمی تعلقات اور دوستی کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا’تین روزہ دورے کے دوران طالبات کو تاریخی مقامات، قومی یادگاروں، دفاعی تاریخ اور ثقافتی ورثے کے مشاہدے کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنے، اجتماعی نظم و ضبط اور باہمی تعاون کا عملی تجربہ بھی حاصل ہوا’ مطالعاتی دورے کے دوران کیڈٹس کے نظم و ضبط، اعتماد اور حب الوطنی کے جذبے کو دیکھ کر مختلف شخصیات نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ نعیم شہزاد مغل نے اپنے پیغام میں ان بچیوں کو پاکستان کا مستقبل اور وطن عزیز کی ترقی و دفاع کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان میں سے کوئی کل ڈاکٹر بنے گی، کوئی انجینئر، کوئی آئی ٹی کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرے گی، کوئی فضاؤں میں پرواز کرے گی اور کوئی وطن کی سرحدوں پر دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑی ہوگی ان کا کہنا تھا کہ ان بچیوں کا نظم و ضبط دیکھ کر انہیں بے حد خوشی اور فخر محسوس ہوا۔ پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی یہ بیٹیاں اپنے والدین کی امیدوں اور خوابوں کو تعبیر دینے کے لیے محنت کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کا مستقبل مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے اور پاکستانی قوم کے دلوں میں وطن عزیز اور افواج پاکستان سے محبت کا جذبہ آج بھی پوری قوت کے ساتھ موجود ہے’انہوں نے تمام کیڈٹس کی کامیابی، روشن مستقبل اور حفاظت کے لیے دعا بھی کی ‘نعیم شہزاد مغل کے یہ جذبات دراصل اس اعتماد کی ترجمانی کرتے ہیں جو ایک باشعور معاشرہ اپنی بیٹیوں کی تعلیم، تربیت اور مستقبل سے وابستہ کرتا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا راستہ اس کی بیٹیوں کو بااختیار بنانے اور انہیں یکساں تعلیمی و تربیتی مواقع فراہم کرنے سے ہو کر گزرتا ہے’کشمیر گرلز کیڈٹ کالج کا قیام آزاد کشمیر میں خواتین کی معیاری تعلیم اور منظم تربیت کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔ ایسے ادارے معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنتے ہیں، کیونکہ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات مستقبل میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکتی ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ والدین، سول سوسائٹی، تعلیمی حلقے اور متعلقہ حکومتی و نجی ادارے اس نوعیت کے تعلیمی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ ادارے کو مزید جدید تعلیمی سہولیات، تربیتی وسائل، کھیلوں اور سائنسی و تکنیکی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ یہاں زیر تعلیم بچیاں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ ‘کشمیر گرلز کیڈٹ کالج کا لاہور کا مطالعاتی دورہ اسی وسیع تر تعلیمی وژن کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ مظفرآباد سے لاہور تک یہ سفر صرف چند تاریخی مقامات کی سیر نہیں بلکہ نئی نسل کو اپنی تاریخ، قومی شناخت، دفاع وطن اور روشن مستقبل سے جوڑنے کی ایک عملی کوشش ہے۔]’ہماری بیٹیاں ہمارا فخر، ہمارا سرمایہ اور ہمارے مستقبل کی امید ہیں۔ آج انہیں علم، تربیت، اعتماد اور کردار کی مضبوط بنیاد فراہم کی جائے گی تو کل یہی بیٹیاں پاکستان اور آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور سربلندی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی

