راولپنڈی (ڈیجیٹل پوسٹ) راولپنڈی میں ٹیسٹ کرکٹ کی 150 سالہ تاریخ کی دنیا کی اولین تقریب منعقد
Share
راولپنڈی، 11 نومبر 2026 (ڈیجیٹل پوسٹ): پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی 150 سالہ تاریخ کی تقریبات کے سلسلے میں دنیا بھر میں منعقد ہونے والی اولین تقریب راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔
اس باوقار تقریب کا اہتمام راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے زیر اہتمام بانی صدر ساؤتھ ایشین اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن اصغر علی مبارک نے کیا۔
اس موقع پر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تین نسلوں سے کرکٹ کی خدمت کرنے والے خاندان سے تعلق رکھنے والی شخصیت، سابق ٹیسٹ کرکٹر و انٹرنیشنل کمنٹیٹر بازید خان مہمان خصوصی تھے۔
اپنے خطاب میں بازید خان نے کہا کہ کرکٹ اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں میڈیا نے اس کھیل کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کرکٹ کے کھیل کی ترقی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی 150 سالہ تقریبات کے سلسلے میں ایسی تقریب کا انعقاد خوش آئند حقیقت ہے۔
اس موقع پر رسجا کے صدر ابوبکر بن طلعت، چیئرمین رسجا شکیل احمد اعوان، سیکرٹری رسجا امبرین علی، سینئر صحافی رضوان احسان علی جوجی اور اصغر علی مبارک نے اپنے خطابات میں پاکستان میں کرکٹ کے کھیل کی ترقی کے لیے میڈیا کے کردار کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ کرکٹ کی خدمت کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔
تقریب میں سینئر صحافی پرویز مغل، شکیل اعوان، ڈاکٹر زاہد اعوان، رضوان احسان علی، احمد حماد صدیقی، امبرین علی، روزینہ علی، ماریہ راجپوت، کرن خان، زین فاروق ملک، زاہد فاروق ملک، ذیشان قیوم، ناصر عباس نقوی، شاکر عباسی، اویس عباسی، قیصر قریشی، نعیم کھوکھر، زین مسعود، محمد سلیمان، حسیب منور (پی سی بی)، نواز گوہر، عقیل انجم، محمد وصی شاہ اور دیگر کو یادگاری شیلڈز اور سووینئرز دیے گئے۔

