اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) پولیس میں محکمانہ ترقیوں کا سلسلہ جاری، آٹھ انسپکٹروں کو ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی دیدی گئی۔
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) پولیس میں محکمانہ ترقیوں کا سلسلہ جاری، آٹھ انسپکٹروں کو ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی دیدی گئی۔ آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ترقی پانے والے افسران کو رینکس لگائے، مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر منعقدہ پروقار تقریب میں ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ محکمانہ ترقی کے نتیجے میں ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والےآٹھ انسپکٹرز کو نئے عہدوں کے رینکس لگائے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر منعقدہ پروقار تقریب میں ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔آئی جی اسلام آباد نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محکمانہ ترقی نہ صرف اعزاز ہے بلکہ اس کے ساتھ مزید ذمہ داریاں بھی وابستہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے افسران اپنے تجربے، صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ پولیس اور شہریوں کی خدمت کے لیے مزید محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمانہ ترقیوں کا مقصد افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی، ان کی پیشہ ورانہ خدمات اور صلاحیتوں کا اعتراف اور انہیں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔ اسلام آباد پولیس میں میرٹ اور محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق ترقیوں کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ فورس کی مجموعی کارکردگی اور پیشہ ورانہ استعداد میں بھی بہتری لائی جا سکے۔ اس سلسلے میں ریکارڈ کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدوں پر بھی ترقیاں دی جا رہی ہیں۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کو تعریفی اسناد بھی جاری کیں اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے مزید دلجمعی، محنت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔اسلام آباد پولیس اپنے افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی، فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ایک مستعد، باصلاحیت اور عوام دوست پولیس فورس کے ذریعے شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں







