اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) رانا عمران لطیف پر حملہ آزادیٔ صحافت پر حملہ ہے، چیئرمین YJA ملک زبیر اعوان
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ)ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک زبیر اعوان نے سینئر صحافی اور چیئرمین پیاس انٹرنیشنل رانا عمران لطیف پر اسلام آباد کے علاقے ایف 10 مرکز میں عسکری بینک کے سامنے مبینہ قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ملک زبیر اعوان نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ صحافیوں پر حملے نہ صرف صحافتی برادری بلکہ آزادیٔ اظہار اور آزاد صحافت کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔ صحافی معاشرے کی آواز بن کر عوامی مسائل اجاگر کرتے ہیں، اس لیے ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاستی اداروں اور متعلقہ حکام کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ رانا عمران لطیف پر حملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو صحافیوں کو نشانہ بنانے کی جرأت نہ ہو۔
چیئرمین ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو مؤثر سکیورٹی فراہم کی جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے رانا عمران لطیف کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافتی برادری اپنے ساتھیوں کے تحفظ، آزادیٔ صحافت اور حقِ اظہار کے دفاع کے لیے متحد ہے۔
ملک زبیر اعوان نے واضح کیا کہ صحافیوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنے یا ان کی آواز دبانے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جانا چاہیے، اور قانون کی بالادستی کے لیے اس واقعے کی شفاف تحقیقات ناگزیر ہیں۔

