رحیم یارخان (ڈیجیٹل پوسٹ) بریسٹ کینسر سے آگاہی
Share
رحیم یارخان (ڈیجیٹل پوسٹ) بریسٹ کینسر سے آگاہی، بروقت تشخیص زندگی کی ضمانت ہے۔ رحیم یار خان کی علامہ اقبال لائبریری میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے لیے سیمینار منعقد کیا گیا۔ جس میں خواتین کو بیماری کی علامات، بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ سیمینار کا انعقاد آئی ایم اے فارمیسی پلس کی جانب سے کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ساجدہ نسیم، ڈاکٹر اقرا نور، ڈاکٹر آمنہ نور، ڈاکٹر مشال شاہ، ڈائٹیشن سمیرا اختر، ڈاکٹر طیبہ کوثر، ڈاکٹر مریم نور نے خطاب کیا اور شرکاء کو آگاہی دی۔ مقررین نے بتایا کہ بریسٹ کینسر خواتین میں پائے جانے والے اہم طبی مسائل میں شامل ہے۔ تاہم بروقت تشخیص اور مناسب علاج سے مریضوں کے لیے بہتر نتائج حاصل کرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اسی مقصد کے تحت رحیم یار خان کی مقامی لائبریری میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے۔ شرکا کو بیماری کی ابتدائی علامات اور طبی معائنے کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔سیمینار میں بتایا گیا کہ چھاتی میں نئی گلٹی، شکل یا سائز میں غیر معمولی تبدیلی، جلد میں تبدیلی یا نپل سے غیر معمولی اخراج کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آگاہی کی کمی اور معاشرتی جھجھک کے باعث علاج میں تاخیر سے گریز کیا جائے۔ بریسٹ کینسر کے خلاف جنگ میں آگاہی، بروقت تشخیص اور طبی رہنمائی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین اپنی صحت کو ترجیح دیں، علامات کی صورت میں بلا تاخیر ڈاکٹر سے رجوع کریں اور اس بیماری سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر ارشد خالطی، ڈاکٹر غلام مجتبی، عمران بھٹی سفاری، ڈاکٹر جنت، مس نوشین، آر جے ثاقب و دیگر نے شرکت کی۔

