اسلام آباد، (ڈیجیٹل پوسٹ) او جی ڈی سی نے سندھ کے ضلع خیرپور میں بٹرسِم ایسٹ-1 کنویں سے گیس اور کنڈینسیٹ کی پیداوار شروع کر دی بٹرسِم ایسٹ-1 کنواں سے یومیہ 70 لاکھ مکعب فٹ گیس اور 200 بیرل کنڈینسیٹ حاصل ہو رہا ہے۔ ترجمان او جی ڈی سی
Share
اسلام آباد، 22 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل پوسٹ): آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع بٹرسِم ایسٹ-1 کنویں سے گیس اور کنڈینسیٹ کی پیداوار شروع کر دی ہے۔ یہ پیش رفت تیل و گیس کی نئی دریافتوں کو پیداوار میں تبدیل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ بٹرسِم ایسٹ-1 کنویں سے اس وقت روزانہ 70 لاکھ مکعب فٹ گیس اور 200 بیرل کنڈینسیٹ حاصل ہو رہا ہے۔ یہ پیداوار بیسل سینڈز سے حاصل کی جا رہی ہے۔ کنویں سے گیس کے بہاؤ میں استحکام آنے کے ساتھ پیداوار میں بتدریج اضافے کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق او جی ڈی سی نے یکم اکتوبر 2025 کو لوئر گورو فارمیشن کی میسو اور بیسل سینڈز میں بٹرسِم ایسٹ-1 سے گیس اور کنڈینسیٹ کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔ دریافت سے جلد پیداوار شروع کرنے کے لیے او جی ڈی سی نے اپنے وسائل استعمال کرتے ہوئے کنویں کو پراسیسنگ کے لیے سنجھورو پلانٹ سے منسلک کرنے کی غرض سے تقریباً 28 کلومیٹر طویل اور 8 انچ قطر کی پائپ لائن بچھائی۔ پراسیسنگ کے بعد حاصل ہونے والی گیس اب سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) کے نیٹ ورک میں فراہم کی جا رہی ہے، جس سے پاکستان کی مقامی گیس سپلائی میں اضافہ ہوگا۔
او جی ڈی سی بٹرسِم ایکسپلوریشن لائسنس کی آپریٹر کمپنی ہے، جس میں اس کا حصہ 77.5 فیصد ہے، جبکہ جوائنٹ وینچر میں گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) کا حصہ 22.5 فیصد ہے۔بٹرسِم ایسٹ-1 سے پیداوار کا آغاز او جی ڈی سی کی جانب سے نئی دریافتوں کو پیداوار میں تبدیل کرنے، ملک میں تیل و گیس کی فراہمی بڑھانے اور پاکستان کے توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے عزم کا عکاس ہے۔
*
جاری کردہ:ذیشان زیدی، منیجر ایکسٹرنل کمیونیکیشنز او جی ڈی سی موبائل: 03000506560، 03008222685


