اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) آئی جی کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت اہم اجلاسوں کا انعقاد
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) آئی جی کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت اہم اجلاسوں کا انعقاد۔آئی جی نے بھرتیوں، ترقیاتی منصوبوں، امن و امان اور انسدادِ جرائم کا جائزہ لیا۔4 سینٹر کا دورہ، پولیس آپریشنز اور سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کی ہدایات، اردل روم میں افسران و جوانوں کے مسائل بھی سنے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق اور ڈی آئی جی لاء اینڈ آرڈر/ٹریننگ محمد عتیق طاہر نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد پولیس میں جاری بھرتیوں کے عمل اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ بھرتی کے تمام مراحل میرٹ اور شفافیت کے ساتھ مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیے جائیں۔بعد ازاں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز، ایس ایس پیز اور زونل ایس پیز کے اجلاس میں امن و امان، انسدادِ جرائم، ٹریفک مینجمنٹ اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنانے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو بہتر پولیس خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔آئی جی اسلام آباد نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اے ڈی ڈویلپمنٹ اور متعلقہ افسران نے منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور پیش رفت پر بریفنگ دی۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔مزید برآں، آئی جی اسلام آباد نے کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (4C) کا دورہ کیا اور پولیس آپریشنز، سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، بروقت معلومات کے تبادلے اور مختلف شعبوں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کی ہدایت کی۔اسی سلسلے میں آئی جی اسلام آباد نے سنٹرل پولیس آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا، جہاں پولیس افسران و جوانوں کے سروس سے متعلق اور ذاتی مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور پولیس فورس کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، شفاف بھرتی، انسدادِ جرائم، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور پولیس افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود اسلام آباد پولیس کی اہم ترجیحات ہیں۔ تمام افسران باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔








