اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) 19گینگز کے 88 ملزمان گرفتار
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) 19گینگز کے 88 ملزمان گرفتار، 16کروڑ روپے سے زائد رقم کا مال مسروقہ اور 56 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد۔ سنگین جرائم اور گاڑی و موٹر سائیکل چوری میں ملوث 88 ملزمان گرفتار۔ آر ڈی یو پولیس ٹیموں نے سات کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا، اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ نے آٹھ کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 56 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کرکے 56 مقدمات حل کیے۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشنز سلمان ظفر نے بتایا کہ روبری اینڈ ڈکیتی یونٹ (آر ڈی یو) نے ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، روبری، نقب زنی اور چوری میں ملوث آٹھ گینگز کے 30 ارکان سمیت 61 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 28 مقدمات میں سات کروڑ 29 لاکھ 15 ہزار روپے مالیت کے موبائل فونز، لیپ ٹاپس، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، سونا، نقدی اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔اغوا برائے تاوان کے مقدمات میں دو گینگز کے نو ارکان کو گرفتار کرکے مغویان کو بازیاب کرایا گیا۔ ملزمان سے ہنڈا سِوک گاڑی، 18 موبائل فونز، 7 لیپ ٹاپس، آئی پیڈز اور پاسپورٹس سمیت ایک کروڑ 5 لاکھ روپے مالیت کا سامان برآمد ہوا۔ ڈکیتی اور سرقہ بالجبر کے مقدمات میں چار گینگز کے 16 ارکان گرفتار کیے گئے، جن سے 23 موبائل فونز، پانچ موٹر سائیکلیں، 20 گاڑیاں، نقدی، گھڑیاں اور دیگر مالِ مسروقہ برآمد ہوا، جس کی مالیت ایک کروڑ 60 لاکھ 65 ہزار روپے بتائی گئی۔ سرقہ عام اور نقب زنی کے آٹھ مقدمات میں بھی 14 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن سے 20 تولہ سونا، نقدی، گھڑیاں، لیپ ٹاپس اور دیگر سامان برآمد ہوا، جس کی مالیت چارکروڑ 62 لاکھ 40 ہزار روپے بتائی گئی۔ایس ایس پی انوسٹی گیشنز نے بتایا کہ اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ (AVLU) نے رواں سال گاڑی و موٹر سائیکل چوری میں ملوث 11 گینگز کے 27 ملزمان کو گرفتار کرکے 35 گاڑیاں اور 21 موٹر سائیکلیں برآمد کیں، جن کی مجموعی مالیت آٹھ کروڑ 82 لاکھ 45 ہزار روپے ہے۔ اس طرح گاڑی و موٹر سائیکل چوری کے 56 مقدمات حل کیے گئے۔ گرفتار گروہ ماسٹر چابیوں اور دیگر طریقوں سے گاڑیاں چوری کرکے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں منتقل کرتے تھے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سیف سٹی کیمروں سمیت جدید سائنسی و تکنیکی وسائل استعمال کیے گئے اور مخبر بھی مقرر کیے گئے۔ایس ایس پی انوسٹی گیشنز سلمان ظفر نے ڈی ایس پی سی آئی اے اور انچارج اے وی ایل یو کے ہمراہ چوری شدہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چابیاں اور مالِ مسروقہ شہریوں کے حوالے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں کے لیے پُرعزم ہے۔ چوری شدہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی برآمدگی اور انہیں اصل مالکان کے حوالے کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں






