LOADING

Type to search

National

وہاڑی (ڈیجیٹل پوسٹ) صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ضلع وہاڑی سید شیراز حسین کاظمی نے کہا ہے کہ ضلع وہاڑی کی تاجر اور صنعتکار برادری کے مسائل کا حل، کاروباری سرگرمیوں کا فروغ،

Share

وہاڑی (ڈیجیٹل پوسٹ) صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ضلع وہاڑی سید شیراز حسین کاظمی نے کہا ہے کہ ضلع وہاڑی کی تاجر اور صنعتکار برادری کے مسائل کا حل، کاروباری سرگرمیوں کا فروغ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا اور مقامی صنعت کو مضبوط بنانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ چیمبر کو محض ایک نمائندہ فورم نہیں بلکہ تاجر برادری کے مسائل کے عملی حل کا مؤثر پلیٹ فارم بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ضلع وہاڑی کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ان کی کوشش ہوگی کہ ضلع بھر کی تاجر برادری کو ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے اور تاجروں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرکے انہیں متعلقہ حکام اور حکومتی ایوانوں تک مؤثر انداز میں پہنچایا جائے۔ کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ تاجروں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

سید شیراز حسین کاظمی نے کہا کہ میلسی، وہاڑی اور بورے والا سمیت ضلع بھر کی کاروباری برادری کو چیمبر کی سرگرمیوں میں بھرپور نمائندگی دی جائے گی۔ تحصیل میلسی کی تاجر تنظیموں سمیت تمام تجارتی تنظیموں کو چیمبر کی ممبرشپ حاصل کرنے کی ترغیب دی جائے گی تاکہ ضلع کے ہر علاقے کے تاجروں کی آواز مؤثر انداز میں ایوانِ صنعت و تجارت کے پلیٹ فارم سے بلند ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط کاروباری برادری ہی مضبوط معیشت کی بنیاد ہے، اس لیے حکومت اور تاجر برادری کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ ٹیکسز، بجلی و گیس، کاروباری سہولیات، مارکیٹ انفراسٹرکچر، ٹریفک، پارکنگ اور دیگر مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

صدر چیمبر نے کہا کہ وہاڑی میں صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی، مقامی مصنوعات کی مارکیٹنگ، نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور صنعتکاروں کو درپیش رکاوٹوں کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ مقامی صنعت کو قومی اور بین الاقوامی منڈیوں سے جوڑنے کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر کی کارکردگی کو مزید فعال اور جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، تاجروں کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی اور باقاعدگی سے کاروباری برادری سے مشاورت کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عہدہ اعزاز نہیں بلکہ خدمت کی ذمہ داری ہے اور وہ تاجر برادری کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔

سید شیراز حسین کاظمی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع وہاڑی کی تاجر اور صنعتکار برادری کے اجتماعی مفادات کے تحفظ، کاروباری ماحول کی بہتری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »