اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، اسلام آباد زون ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کی کارروائی — لکسمبرگ ورک ویزا کے نام پر 40 لاکھ روپے ہتھیانے میں ملوث ملزم وقار اختر گرفتار
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ): ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہری سے لاکھوں روپے وصول کرنے میں ملوث ملزم وقار اختر کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کے خلاف کارروائی شکایت کنندہ محمد یوسف کی درخواست پر مکمل ہونے والی انکوائری نمبر 544/2025 کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔ تحقیقات کے مطابق ملزمان عمار اختر، وقار اختر، وقاص اختر (میر کنسلٹنسی) اور سلمان زیب نے باہمی ملی بھگت سے شکایت کنندہ کو لکسمبرگ ورک ویزا فراہم کرنے کا جھانسہ دیا اور اس سے بینک کے ذریعے 40 لاکھ روپے وصول کیے۔
تحقیقات سے ثابت ہوا کہ ملزمان نے بیرون ملک ملازمت دلوانے کے نام پر رقم وصول کی تاہم متاثرہ شہری کو ویزا فراہم نہ کیا گیا اور اسے دھوکہ دہی کا نشانہ بنایا گیا۔ مقدمہ نمبر FIR-AHTC-ICT-837/2026 بجرم دفعات 18، 22 امیگریشن آرڈیننس 1979 اور 109 تعزیراتِ پاکستان درج کر لیا گیا ہے۔
گرفتار ملزم وقار اختر (میر کنسلٹنسی) سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ایف آئی اے انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور بیرون ملک ملازمت کے نام پر شہریوں سے فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
#FIA #IslamabadZone #AHTC #HumanSmuggling #VisaFraud #FIAPakistan



