اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) آئی جی کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کا کیپٹل پٹرولز ہیڈکوارٹرز اور مختلف تھانوں کا دورہ
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) آئی جی کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کا کیپٹل پٹرولز ہیڈکوارٹرز اور مختلف تھانوں کا دورہ۔آئی جی اسلام آباد نے ترقیاتی کاموں اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے تھانوں کے انتظامی امور میں بہتری، شہریوں کی آسانی اور پولیسنگ کے معیار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کیپٹل پٹرولز ہیڈکوارٹرز سمیت تھانہ رمنا، تھانہ لوہی بھیر اور تھانہ کرپا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں، پولیس افسران و اہلکاروں کو دستیاب سہولیات، شہریوں کو فراہم کی جانے والی پولیس سروسز اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔کیپٹل پٹرولز ہیڈکوارٹرز میں افسران نے آئی جی اسلام آباد کو یونٹ کے جاری ترقیاتی کاموں اور مختلف امور سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ کیپٹل پٹرولز یونٹ شہر میں مسلسل پٹرولنگ اور ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کے ذریعے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پٹرولنگ، رسپانس ٹائم اور فیلڈ موجودگی کو مزید مؤثر بناتے ہوئے پبلک سروس ڈیلیوری کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے تھانہ رمنا، لوہی بھیر اور کرپا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے SIPS پروٹوکولز کے تحت جاری تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تھانوں میں پولیس افسران و جوانوں کو دستیاب سہولیات، شہریوں کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات اور انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا۔کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری تعمیراتی و ترقیاتی کام مقررہ معیار کے مطابق جلد مکمل کیے جائیں اور تھانوں میں پولیس افسران و اہلکاروں کے لیے بہتر سہولیات کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیے بھی صاف، محفوظ اور سہولت بخش ماحول یقینی بنایا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تھانے شہریوں کے لیے پولیس سے براہِ راست رابطے کا بنیادی مرکز ہیں، اس لیے یہاں آنے والے شہریوں کو بروقت، مؤثر اور باعزت پولیس سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تھانوں کے انتظامی امور میں بہتری، شہریوں کی آسانی اور پولیسنگ کے معیار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کی جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، تاکہ پولیس اہلکاروں اور شہریوں دونوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں








