LOADING

Type to search

Islamabad National

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں محفل میلاد مصطفیٰ ﷺ کا روح پرور انعقاد کیا گیا

Share

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں محفل میلاد مصطفیٰ ﷺ کا روح پرور انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام سابق صدر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس طارق علی ورک نے کیا، اس بابرکت محفل میں علماء کرام، ممتاز نعت خوانوں، صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل سے صاحبزادہ اسد الرحمٰن نقشبندی عیدگاہ شریف راولپنڈی اور علامہ اشتیاق علوی، ناظم منہاج القرآن علماء کونسل راولپنڈی نے خصوصی خطاب کیا، جبکہ معروف نعت خوانوں نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرکے سماں باندھ دیا۔صاحبزادہ اسد الرحمٰن نقشبندی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی ذاتِ اقدس پوری انسانیت کے لیے رحمت، محبت، امن اور ہدایت کا سرچشمہ ہے، آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے زندگی گزارنے کا بہترین نمونہ ہے۔ میلاد مصطفیٰ ﷺ منانا اللہ تعالیٰ کی اس عظیم نعمت پر اظہارِ تشکر ہے جس نے انسانیت کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر علم، عدل، اخلاق اور محبت کی روشنی عطا فرمائی۔انہوں نے کہا کہ محبتِ رسول ﷺ ایمان کا بنیادی تقاضا ہے اور عاشقانِ رسول ﷺ کے لیے ذکرِ مصطفیٰ ﷺ سے بڑھ کر کوئی سعادت نہیں۔ میلاد النبی ﷺ کی محافل کا مقصد صرف ذکر و نعت تک محدود نہیں بلکہ سیرتِ طیبہ کے پیغام کو عام کرنا بھی ہے۔ ہمیں حضور اکرم ﷺ کے حسنِ اخلاق، برداشت، اخوت، عدل، انسانیت سے محبت اور حقوق العباد کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔علامہ اشتیاق علوی، ناظم منہاج القرآن علماء کونسل راولپنڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد النبی ﷺ اس عظیم ہستی کا ذکرِ خیر ہے جنہیں اللہ تعالیٰ نے تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر مبعوث فرمایا۔ حضور اکرم ﷺ کی تشریف آوری سے انسانیت کو محبت، اخوت، عدل، مساوات اور احترامِ انسانیت کا وہ پیغام ملا جس کی آج بھی پوری دنیا کو ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ ہمارے لیے کامل ضابطۂ حیات ہے اور ہمیں آپ ﷺ کی تعلیمات کو فروغ دینا چاہیے۔

معروف نعت خواں چودھری محمد نیاز نقشبندی گولڈ میڈلسٹ راولپنڈی، صاحبزادہ عبدالمعیز چوہدری، صاحبزادہ عبدالحفیظ چوہدری، شہشاہِ نقابت صاحبزادہ ملک یاسر نذیر ہارونی، حافظ محمد فیاض عباسی چیئرمین ساقی کوثر نعت کونسل، محمد معراج القوسین اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد ,سجاد ہاشمی،عمر فاروق بزمی،راجہ شوکت علی سمیت دیگر نعت خوانوں نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کیا اور اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ نعت خوانی کے دوران محفل میں موجود شرکاء پر رقت و عقیدت کی کیفیت طاری رہی۔محفل میلاد میں صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال، سیکرٹری فرقان راؤ، فنانس سیکرٹری عابد عباسی، سینئر نائب صدر احتشام الحق، جوائنٹ سیکرٹری شیراز گردیزی، آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری راجہ بشیر عثمانی ,حق میڈیا گروپ کے چیئرمین محمد تنویر کھوکھر،اور سابق صدر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس علی رضا علوی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔محفل میں صدر پاکستان عوامی تحریک غلام علی خان، رانا شکیل، اسلم لڑکا،ساجد نزیر، سردار خرم سبطین لودھی، یاسین بلوچ سمیت صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔محفل میلاد کے انتظامات زوہیب علی اور ظہیر عالم نے انجام دیے۔ محفل کے اختتام پر سابق صدر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس طارق علی ورک نے تمام علماء کرام، نعت خوانوں، صحافیوں، معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی محبت ہمارے دلوں کی سب سے قیمتی متاع ہے اور میلاد مصطفیٰ ﷺ کی محافل ہمارے لیے باعثِ سعادت ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ محفل آئندہ بھی ہر سال اسی عقیدت، محبت اور احترام کے ساتھ منعقد کی جائے گی، تاکہ ذکرِ مصطفیٰ ﷺ اور سیرتِ طیبہ کا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جا سکے۔محفل کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، پاکستان کی ترقی و خوشحالی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور پوری انسانیت کے لیے خیر و سلامتی کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »