راولپنڈی (ڈیجیٹل پوسٹ) کمشنر سلمان غنی کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ
Share
راولپنڈی (ڈیجیٹل پوسٹ) کمشنر سلمان غنی کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس کا جائزہ کمشنر نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے علاوہ فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر متعلقہ محکموں کے سربراہان اور ہسپتال انتظامیہ بھی موجود تھی۔ کمشنر سلمان غنی نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ایمرجنسی ریسپانس پلان کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز، نرسنگ و پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری کو چیک کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں فائر سیفٹی انتظامات اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موجود ایمرجنسی ایگزٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ایمرجنسی راستوں کو ہر وقت کھلا اور فعال رکھا جائے، فائر فائٹنگ آلات کو مکمل طور پر فعال حالت میں رکھا جائے اور عملے کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے باقاعدہ تربیت اور آگاہی فراہم کی جائے۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف حصوں میں فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام عملے کی فائر سیفٹی ٹریننگ اور ریسکیو 1122 کے ساتھ ماک ڈرل ایکسر سائز کی جائے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی، آؤٹ ڈور اور دیگر اہم شعبہ جات میں مریضوں کے رش اور انتظار کے وقت کو کم کرنے کے لئے مؤثر انتظامات کئے جائیں۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو معیاری، بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام انتظامی اور طبی امور کی مسلسل نگرانی کی جائے۔کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، راہداریوں اور دیگر مقامات پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ ہسپتالوں میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور مریضوں و تیمارداروں کے لئے صاف، محفوظ اور بہتر ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ دورے کے دوران کمشنر راولپنڈی نے ہسپتال میں ضروری ادویات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ تمام ضروری اور جان بچانے والی ادویات و طبی سامان کا وافر سٹاک ہر وقت موجود رکھا جائے تاکہ کسی بھی مریض کو ادویات کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

