اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) ربیع الاول میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) ربیع الاول میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا
ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق اور ڈپٹی کمشنر مدثر احمد شاہ کا ضلعی امن کمیٹی کے ساتھ اہم اجلاس
جلوسوں، محافلِ میلاد اور مذہبی اجتماعات کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل
ضلعی انتظامیہ، پولیس اور امن کمیٹی کا بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اعادہ
ماہِ ربیع الاول کے دوران ضلع اٹک میں امن و امان کے قیام اور مذہبی تقریبات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور اٹک پولیس نے جامع سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق اور ڈپٹی کمشنر اٹک مدثر احمد شاہ نے ضلعی امن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں جلوسوں، محافلِ میلاد، مذہبی اجتماعات، ٹریفک مینجمنٹ اور بین الادارہ جاتی رابطوں کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ربیع الاول کے دوران ضلع بھر میں منعقد ہونے والے تمام مذہبی پروگرامز کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔
اس موقع پر ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق نے کہا کہ اٹک پولیس مکمل طور پر الرٹ اور متحرک ہے۔ ربیع الاول کے دوران تمام جلوسوں، محافلِ میلاد اور مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور پُرامن ماحول کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر اٹک مدثر احمد شاہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس باہمی ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہیں جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو واضح ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع اٹک میں مذہبی تقریبات کو خوش اسلوبی، نظم و ضبط اور مکمل امن کے ساتھ منعقد کرایا جائے گا۔
اجلاس میں شریک امن کمیٹی کے ارکان نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور ضلع بھر میں بھائی چارے، اتحاد، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ربیع الاول کے مقدس مہینے میں امن و امان کا قیام، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے تاکہ ضلع اٹک میں تمام تقریبات پرامن اور مثالی انداز میں منعقد ہو سکیں۔

