ہری پور (ڈیجیٹل پوسٹ) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کمشنر ہزارہ ڈویژن کی اہم ملاقات
Share
ہری پور (ڈیجیٹل پوسٹ) کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہد اللہ خان نے ڈپٹی کمشنر ہری پور اصلاح الدین، ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈا پور اور اسسٹنٹ کمشنر ہری پور نور نواز خان کے ہمراہ ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔
اس موقع پر صدر ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک عمیر خالد، نائب صدر چیمبر عبدالباسط، ایگزیکٹو ممبر سارک و سابق صدر ایچ سی سی آئی سید صفدر زمان شاہ، سابق صدر شاہباز محمود، حاجی فخر عالم، حاجی منظور اور چیمبر کے تمام ایگزیکٹو و سینئر ممبران نے معزز مہمانان کا استقبال کیا اور اجلاس میں شرکت کی۔
دورانِ ملاقات کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہد اللہ خان نے چیمبر ممبران اور تمام معزز شرکاء میں پودے تقسیم کیے، جو ماحول دوست اقدامات اور سرسبز ہری پور کے عزم کی علامت ہیں۔
نائب صدر ہری پور چیمبر عبدالباسط نے چیمبر کی تاریخی کامیابیوں، کاروباری برادری کے لیے کیے گئے اقدامات اور موجودہ قیادت کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
صدر ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک عمیر خالد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہمیشہ ہری پور کی کاروباری برادری کے ساتھ مکمل تعاون کرتی رہی ہے اور تاجر برادری بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ضلع کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے حالیہ دنوں میں مین بازار میں ریڑھی بانوں اور تھڑے تجاوزات کے حوالے سے پیش آنے والے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملات کو تمام فریقین کی مشاورت اور بہتر حکمت عملی کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ شہر کی خوبصورتی، کاروباری سرگرمیوں اور عام شہریوں کے مفادات میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔
اس موقع پر چیمبر ممبران نے چھوٹے کاروباری حضرات کو درپیش مسائل، دکانوں کے کرایوں میں اضافے، کاروباری مشکلات اور ہزارہ ریجن میں سیاحت کے فروغ سے متعلق تجاویز اور مسائل بھی معزز کمشنر کے سامنے پیش کیے۔
کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہد اللہ خان نے کاروباری برادری کو یقین دہانی کروائی کہ تمام مسائل کو مرحلہ وار حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، چیمبر آف کامرس اور کاروباری طبقے کے درمیان مضبوط رابطہ ہی علاقے کی معاشی ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے اور وہ ہری پور کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔









