اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) 79ویں یومِ آزادی پر دارالحکومت میں امن و امان کے لیے چار ہزار سے زائد افسران و جوان تعینات، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ،اور ہلڑ بازی کیاجازت نہیں دی جائے گی
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) 79ویں یومِ آزادی پر دارالحکومت میں امن و امان کے لیے چار ہزار سے زائد افسران و جوان تعینات، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ،اور ہلڑ بازی کیاجازت نہیں دی جائے گی،۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اور اس عظیم دن کو قومی جذبے، جوش و خروش اور ذمہ داری کے ساتھ منایا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع اور مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے، جس کے تحت 04 ہزار سے زائد افسران و جوان مختلف مقامات پر سکیورٹی اور ٹریفک کے فرائض سرانجام دیں گے۔ پولیس افسران و جوان پٹرولنگ، پکٹنگ اور اہم مقامات پر سکیورٹی ڈیوٹیوں پر تعینات رہیں گے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی، خطرناک ڈرائیونگ یا شہریوں کو تنگ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے یا دوسروں کے لیے خطرہ پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ آزادی کی خوشیاں مناتے ہوئے شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی کی خوشی دوسرے شہری کے لیے پریشانی یا خطرے کا باعث نہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں، تفریحی مقامات اور دیگر عوامی مقامات پر آنے والی فیملیز، خواتین اور بچوں کے احترام اور سہولت کا خاص خیال رکھا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی سکیورٹی اور سہولت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں اور نوجوانوں کو آزادی کی حقیقی اہمیت سے آگاہ کریں اور انہیں قانون کی پاسداری اور ذمہ دارانہ رویے کی تلقین کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنے وطن کی قدر، اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور ہمیں اپنے وطن کی خدمت کا جذبہ قائم رکھنے کی توفیق دے۔انہوں نے آخر میں شہریوں سے اپیل کی کہ جشنِ آزادی بھرپور انداز میں منائیں، اپنی فیملیز کے ساتھ خوشیاں بانٹیں، تاہم قانون کی پاسداری اور دوسروں کے حقوق کا خیال ضرور رکھیں۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی، ناخوشگوار واقعے یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن “پکار “15- پر اطلاع دیں

