اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) کسی اور خاندان کے فیملی ویزے پر یو اے ای جانے کی کوشش ناکام – مسافر آف لوڈ، ایف آئی اے امیگریشن کے خلاف بے بنیاد الزامات
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) کسی اور خاندان کے فیملی ویزے پر یو اے ای جانے کی کوشش ناکام – مسافر آف لوڈ، ایف آئی اے امیگریشن کے خلاف بے بنیاد الزامات
ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ائرپورٹ کا وضاحتی بیان
اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ائرپورٹ نے 09 اگست 2026 کو ایک مسافر رابعہ فردوس ولد غلام مصطفیٰ خان کو ائر بلیو فلائٹ نمبر ED230 کے ذریعے یو اے ای جاتے ہوئے آف لوڈ کیا۔ مسافر پیپر ویزے پر سفر کر رہی تھی جس کی OK To Board ویریفکیشن کے لیے ایئر لائن کو بھجوایا گیا۔
تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ مسافر نے کسی اور خاندان کے فیملی ویزے پر یو اے ای جانے کی کوشش کی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر کا ارادہ تھا کہ وہ دبئی پہنچ کر غیر قانونی طور پر قیام کرے تاہم موجودہ حالات میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستانی مسافروں کے ویزوں کی سخت جانچ کے باعث اسے وہاں سے بھی ڈیپورٹ ہونا پڑتا۔
امیگریشن کلیئرنس روکے جانے پر مسافر نے ڈیوٹی عملے کے ساتھ بدتمیزی کی، سوشل میڈیا پر ویڈیو ریکارڈنگ کر کے ایف آئی اے عملے کو دھمکیاں دیں اور سرکاری فرائض میں رکاوٹ ڈالی۔ اس کے باوجود مسافر نے ایجنٹ کی ملی بھگت سے کی گئی اپنی جعلسازی کو چھپاتے ہوئے ایف آئی اے پر بے بنیاد الزامات لگانے شروع کر دیے۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون واضح کرتا ہے کہ تمام امیگریشن کارروائی قانون کے مطابق انجام دی گئی اور مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے ائرپورٹ پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا۔
ایف آئی اے شہریوں کو خبردار کرتا ہے کہ کسی اور کے فیملی ویزے پر سفر کرنا یا جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش قانونی جرم ہے اور ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

