کراچی (ڈیجیٹل پوسٹ) جناح اسپتال میں من پسندترقیوں کیخلاف ینگ نرسز سراپا احتجاج ریٹائرمنٹ کو جواز بنا کر حق تلفی قبول نہیں، سینیارٹی رولز پر عمل کیا جائے۔ ینگ نرسز ایسوسی ایشن قوانین کی دھجیاں بکھیری گئیں۔غیر منصفانہ فیصلے واپس نہ لئے تو احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے
Share
کراچی (ڈیجیٹل پوسٹ) کراچی جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں نرسوں کی ترقیوں میں میرٹ کو نظر انداز کرنے اور من پسند اسٹاف کو نوازنے کے خلاف ینگ نرسز ایسوسی ایشن (وائی این اے) نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان فیصلوں کو سینیارٹی میرٹ اور سروس رولز کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ نرسیں جنہوں نے گزشتہ 30 سے 35 برس تک دیانت داری محنت اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ ادارے کی خدمت کی انہیں عہدے کے جائز مواقع سے صرف اس بنیاد پر محروم کرنا کہ ان کی ریٹائرمنٹ قریب ہے نہایت افسوسناک اور غیر منصفانہ اقدام ہے،انتظامی حکام کا یہ رویہ نہ صرف سینئر نرسوں کی طویل خدمات کی توہین بلکہ انصاف، میرٹ اور سینیارٹی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔
ینگ نرسز ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر ریٹائرمنٹ کے قریب ہونے کو عہدہ نہ دینے کی بنیاد بنایا جا رہا ہے تو یہی اصول تمام ملازمین پر یکساں طور پر نافذ ہونا چاہیے نہ کہ مخصوص افراد کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جائے۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ تمام عہدوں اور انتظامی فیصلوں میں سروس رولز میرٹ اور سینیارٹی کو بنیاد بنایا جائے اور متاثرہ ملازمین کو ان کا قانونی و جائز حق فوری طور پر دیا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر غیر منصفانہ فیصلے واپس نہ لیے گئے اور نرسوں کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ینگ نرسز ایسوسی ایشن آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی جس کی تمام تر ذمہ داری جناح اسپتال انتظامیہ پر عائد ہوگی۔


