LOADING

Type to search

Islamabad National

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) مادرِ ملت فاطمہ جناح آئین، جمہوریت، قومی وحدت اور خواتین کے حقوق کی علمبردار تھیں:ڈاکٹر بشریٰ مرزا

Share

اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) مادرِ ملت فاطمہ جناح آئین، جمہوریت، قومی وحدت اور خواتین کے حقوق کی علمبردار تھیں:ڈاکٹر بشریٰ مرزا

نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ کااپنے قومی ہیروز کے حوالے سے کردارقابلِ تحسین ہے, فرح ناز اکبر

مقررین کی نوجوان نسل کو مادرِ ملت کے افکار و کردار سے رہنمائی حاصل کرنے کی تلقین

پاکستان آج ہم سب سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم مادرِ ملت کے پیغام اور افکار پر غور و فکر کے ساتھ لائحہ عمل تیار کریں، ہمیں دیکھنا چاہیے کہ ہم وطن عزیز کی بہتری کیلئے کیا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ کے زیر اہتمام مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر ایوانِ قائد،فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فاطمہ جناح کی شخصیت عورتوں کیلئے بہترین رول ماڈل تھیں۔ مادرِ ملت فاطمہ جناح آئین، جمہوریت، قومی وحدت اور خواتین کے حقوق کی علمبردار تھیں۔

اپنی یونیورسٹی کے حوالے سے انہوںنے بتایا کہ یونیورسٹی کی عمارت بذاتِ خود ایک قومی و تاریخی ورثہ ہے۔ ہم وہاں ایک میوزیم بھی بنا رہے ہیں جس میں فاطمہ جناح کے حوالے سے دستاویزات و اشیاء نمائش کیلئے رکھی جائیں گی۔ ہمارے اساتذہ و طلبہ نے فاطمہ جناح کے حوالے سے ایک ترانہ بھی تیار کیا ہے جو یوٹیوب پر دستیاب ہے۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے ثقافت فرح ناز اکبر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو تحریکِ پاکستان کے اکابرین کی قربانیوں اور خدمات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بتائیں تاکہ انہیں احساس ہو کہ پاکستان کا قیام کِن مشکل حالات سے گزر کر ممکن ہوا۔ اس سلسلے میں نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ کا کردار قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مادرِ ملت کی بے مثال خدمات اور جمہوری جدوجہد پاکستان کی سیاسی و قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔

مہمانِ اعزازرزینہ عالم خان، چیئرپرسن تعلیم نیٹ ورک پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مادرِ ملت نے ایک کامیاب دندان ساز ہونے کے باوجود اپنی پیشہ ورانہ زندگی کو تحریکِ پاکستان کے عظیم مقصد پر قربان کر دیا اور قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ رہتے ہوئے قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں تاریخی کردار ادا کیا اگر وہ اپنے بھائی کا ساتھ نہ دیتیں تو ان کیلئے بہت مشکلات ہوتیں۔

معروف مورخ، کالم نگار اور دانشور ڈاکٹر فاروق عادل نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح پاکستان کو ایک ایسی فلاحی اور جمہوری ریاست کے طور پر دیکھنا چاہتی تھیں جہاں آئین کی حکمرانی، قانون کی بالادستی اور قومی وحدت کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت ہمیشہ اس بات پر زور دیتی تھیں کہ پاکستانی اپنی تمام تر علاقائی، لسانی اور نسلی امتیاز سے بالاتر ہو کر سب سے پہلے پاکستانی ہونے پر فخر کریں۔ ان کے بقول، تحریکِ پاکستان کی تاریخ مادرِ ملت کی لازوال قربانیوں اور خدمات کے اعتراف کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی۔معروف افسانہ نگار رابعہ خان نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے خواتین کو قومی زندگی میں فعال کردار ادا کرنے کا شعور دیا اور تحریکِ پاکستان کے ہر مرحلے پر قائداعظم محمد علی جناح کی مضبوط رفیقِ کار رہیں۔ انہوں نے بعد ازاں آمریت کے خلاف جمہوریت کی بحالی کے لیے بھی جرأت و استقامت کی ایک نئی مثال قائم کی۔

لکھاری افشاں عباسی نے کہا کہ مادرِ ملت کا کردار حق گوئی، وقار اور ثابت قدمی کا استعارہ ہے۔ انہوں نے ہر قسم کے غیر جمہوری رویوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ان کی جدوجہد آج بھی پاکستان کے سیاسی و جمہوری مستقبل کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

معروف افسانہ نگار فریدہ حفیظ کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ محترمہ فاطمہ جناح کی خدمات کو نئی نسل تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور دور حاضر میں بچیوں کی تعلیم و تربیت نہ صرف ہمارے معاشرے بلکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ کے چیئرمین میاں محمد جاوید نے تمام شرکائ، مقررین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح نے پوری زندگی اصولوں، دیانت، جمہوریت اور قومی وقار کے لیے جدوجہد کی۔ ان کی فکر اور کردار آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گے۔

آخر میں انہوں نے فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی اور کونسل بہت جلد اشتراک عمل کی ایک اہم دستاویز پر دستخط کریں گے۔ تقریب میں نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ کے وائس چیئرمین محمد عبداللہ یوسف، ایگزیکٹو کمیٹی کے سینئر اراکین ایمبیسڈر صلاح الدین چوہدری اور منظور مسیح سمیت معروف شخصیات شیراز خان، محمد افضل ، روبینہ ناصر، راجہ جاوید اختر، غلام مرتضیٰ خان، سردار عابد علی عابد، دائود کیف، فرخ جمال ملیح آبادی، نویدہ مقبول بھٹی، ناصر عقیل، ڈاکٹر شیر علی اور پروفیسر طیب کامران سمیت نمایاں شخصیات شریک تھیں۔

تقریب کے آغاز میں معروف شاعرہ و براڈ کاسٹرفرخندہ شمیم نے مادرِ ملت کومنظوم خراجِ عقیدت پیش کیا، تقریب کی نظامت کے فرائض نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ کے ڈائریکٹرپروگرامز حمید قیصر نے انجام دیئے۔

کیپشن تصویر

ایوانِ قائد میں مادرِ ملت فاطمہ جناح کی برسی کے حوالے سے خصوصی تقریب کے بعد مہمانِ خصوصی کا شرکائے تقریب کے ہمراہ گروپ فوٹو۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Translate »