اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) بنیادی مرکز صحت پھلگراں میں ٹیلی میڈیسن سروس کا افتتاح، 30 مزید سرکاری مراکز تک توسیع کا اعلان
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ): وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول کے ہمراہ بنیادی مرکز صحت (BHU) پھلگراں، دوہالہ سیداں، میں جدید ٹیلی میڈیسن سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت چھ ماہر ڈاکٹر بذریعہ آن لائن ویڈیو لنک مریضوں کو طبی مشاورت فراہم کریں گے، جس سے خصوصاً دور دراز علاقوں کے شہریوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اسلام آباد میں ٹیلی میڈیسن منصوبے کا نواں افتتاح ہے اور حکومت نے مزید تیس سرکاری صحت مراکز میں بھی یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر طبی خدمات دستیاب ہوں۔
وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بنیادی مرکز صحت پھلگراں ان کے حلقہ انتخاب میں واقع ہے اور وہ اس منصوبے کو عوام کے لیے ایک اہم سنگِ میل سمجھتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ماں اور بچے کی صحت کے فروغ اور آبادی میں متوازن اضافے پاپولیشن ونگ کے حوالے سے ایک جامع، مؤثر اور مضبوط حکمتِ عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول اور وزارتِ صحت کے اعلیٰ حکام نے اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے اس شعبے میں مربوط منصوبہ بندی اور مؤثر اقدامات کے عزم کا اظہار کیا تاکہ عوام کو معیاری صحت کی سہولیات مزید بہتر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔
افتتاحی تقریب میں غیر ملکی مہمانوں، مقامی عمائدین، سماجی و سیاسی شخصیات، کمیونٹی نمائندگان اور علاقے کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول اور وزارتِ صحت کی پوری ٹیم کو اس اہم عوامی فلاحی منصوبے کے آغاز پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔







