اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) آئی جی سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس
Share
اسلام آباد (ڈیجیٹل پوسٹ) آئی جی سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس۔ دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، ٹریفک مینجمنٹ، سکیورٹی انتظامات اور پولیسنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کی بروقت روک تھام اور عوام کو بہترین پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں، ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم، ڈیٹا پر مبنی پولیسنگ اور دیگر جدید وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مؤثر نگرانی، فوری ردِعمل اور جدید پولیسنگ کے ذریعے شہریوں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے، حادثات کی شرح میں کمی لانے اور شہریوں کو محفوظ اور سہل سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے جامع اور مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ اس سلسلے میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد، اہم شاہراہوں کی مسلسل نگرانی، جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے استعمال اور عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی سائیکلسٹ محمد بخش سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے محمد بخش کی کھیل کے میدان میں شاندار کارکردگی، غیر معمولی عزم، محنت اور بین الاقوامی سطح پر حاصل کی گئی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کا نام روشن کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ آئی جی اسلام آباد نے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے باصلاحیت کھلاڑی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی کامیابیاں پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہیں

