راولپنڈی (ڈیجیٹل پوسٹ) سپورٹس کمپلیکس لیاقت باغ مری روڈ راولپنڈی میں 45 روزہ سوئمنگ سمر کیمپ 2026 کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
Share
راولپنڈی (ڈیجیٹل پوسٹ) سپورٹس کمپلیکس لیاقت باغ مری روڈ راولپنڈی میں 45 روزہ سوئمنگ سمر کیمپ 2026 کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب تھیں، جنہوں نے فیتہ کاٹ کر کیمپ کا افتتاح کیا اور انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے زیراہتمام سوئمنگ سمر کیمپ 10 جون سے 25 جولائی 2026 تک جاری رہے گا جس میں 4 سے 18 سال عمر کے بچوں اور بچیوں کو تیراکی کی جدید تربیت فراہم کی جائے گی۔ شرکاء کو ماہر کوچز اور تربیت یافتہ لائف گارڈز کی نگرانی میں نہ صرف تیراکی کی تکنیکی مہارتیں سکھائی جائیں گی بلکہ پانی میں حفاظت اور جسمانی فٹنس کے اصولوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے اور نوجوان نسل کو مثبت، تعمیری اور صحت افزا سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بچوں اور نوجوانوں کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ تیراکی نہ صرف ایک بہترین کھیل ہے بلکہ یہ ایک اہم زندگی بچانے والی مہارت بھی ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ جسمانی طور پر توانا، ذہنی طور پر متحرک اور مثبت طرزِ زندگی اختیار کر سکیں۔طاہرہ اورنگزیب نے ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈپارٹمنٹ راولپنڈی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے سمر کیمپ نوجوانوں کو اپنی چھٹیوں کو مفید انداز میں گزارنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تربیتی پروگرام سے نہ صرف نئے ٹیلنٹ سامنے آئیں گے بلکہ راولپنڈی کے نوجوان مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی و دیگر افسران، کوچز، والدین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ شرکاء نے سمر کیمپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے نوجوانوں میں کھیلوں کے رجحان کو مزید فروغ ملے گا۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے کیمپ کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

